عوام اپنے گھر کی طرح شہر، گلی اور محلے کو اون کریں، قرة العین میمن

جمعرات 2 جولائی 2015 16:54

کراچی ۔ 2 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جولائی۔2015ء) ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی قرة العین میمن نے کہا ہے کہ عوام اپنے گھر کی طرح اپنے شہر، گلی اور محلے کو بھی اون کریں، فیملی پارکوں، کھیل کے میدانوں اور گرین بیلٹس سمیت سہولیات کی فراہمی کے لئے تعمیر کئے گئے منصوبوں کی حفاظت کو یقینی بنائیں تاکہ ان منصوبوں کی افادیت کو قائم و دائم رکھ کر عوام کو مثالی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوامی تعاون کے ذریعے ضلع کورنگی کو صاف ستھرا سرسبز شہر کا مثالی ضلع بنایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شاہ فیصل زون میں فیملی پارکس کا تفصیلی دورہ کرکے پارکوں میں سہولیات کی فراہمی اور سرسبز ماحول کے قیام کو یقینی بنانے کے حوالے سے جاری انتظامات کا معائنہ کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈائریکٹر پارکس بلدیہ کورنگی جاوید، ڈپٹی ڈائریکٹر سالڈ ویسٹ اسلم پرویز، ڈپٹی ڈائریکٹر پارکس شاہ فیصل زون عبدالصمد اور دیگر بھی موجود تھے۔

قرة العین میمن نے محکمہ پارکس بلدیہ کورنگی کو ہدایت کی کہ فیملی پارکوں، کھیل کے میدانوں اور گرین بیلٹس پر جاری انتظامات کو عید سے قبل مکمل کیا جائے۔ اس موقع پر انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ فیملی پارکس کھیل کے میدانوں اور گرین بیلٹس کی تعمیر و ترقی اور دیکھ بھال کے لئے موثر اقدامات کرتے ہوئے اسے صحت مند تفریحی مرا کز میں تبدیل کیا جائے۔