اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے پیش رفت جاری ہے،ڈی سی او

جمعرات 2 جولائی 2015 16:56

بورے والا ۔2 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جولائی۔2015ء) ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن آفیسر ناصر جمال ہوتیانہ نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کے مقامی طور پر مسائل کے فوری حل کے لیے پیش رفت جاری ہے اور اس حوالہ سے حکومتی ہدایات کی روشنی میں ادارے اوورسیز پاکستانیوں کو انصاف دلانے کے لیے بلاتاخیر کارروائی کر رہے ہیں، یہ بات انہوں نے ڈسٹرکٹ اوورسیز کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، اجلاس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر صادق علی ڈوگر ، اے ڈی سی رانا سلیم احمد ، چیئر مین اورسیز کمیٹی شہزاد ڈوگر ، ڈسٹرکٹ اٹارنی ، ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر وہاڑی ، اسسٹنٹ کمشنر وہاڑی کامران خان ، اسسٹنٹ کمشنر بوریوالا سیف اللہ ساجد،فوکل پرسن و کونسل آفیسر مہر محمد مشتاق،ڈی ایس پی بوریوالا ذوالفقار اور ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر مظہر حسین وٹو شریک تھے، ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن آفیسر ناصر جمال ہوتیانہ نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اوورسیز پاکستانیوں سے متعلق کسی بھی معاملہ کو دفتری عملہ کے سپرد کرنے کی بجائے خود دیکھیں اور حقائق کے پیش نظر فوری فیصلہ کریں ،ڈی پی او صادق علی ڈوگر نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ اوورسیز پاکستانیوں یا ان کے اہل خانہ کیخلاف درج جھوٹی ایف آئی آرز کو فوری تحقیقات کر کے خارج کیا جائے اورآئندہ ایسے معاملات کو ڈی ایس پیزخود سنا کریں ،چےئر مین اوورسیز کمیٹی شہزاد ڈوگر نے کہا کہ ضلع وہاڑی میں اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل فوری حل کئے جا رہے ہیں ،انہوں نے کہا کہ غیر ممالک میں مقیم پاکستانی خطیر رقم کا زرمبادلہ وطن بھجوارہے ہیں جس سے ہماری معیشت کو استحکام مل رہا ہے، اجلاس کو بتایا گیا کہ اوورسیز پاکستانیوں انوار الحق، محمدندیم ، محمد صغیر، فریاد علی ،محمود حسین ، جاوید اقبال اور شاہد اقبال کی آن لائین درخواستوں پر فوری کارروائی کرئے ہوئے مسائل کو حل کیا گیا ۔