شہریوں کو ملاوٹ سے پاک اشیاء کی فراہمی کیلئے حکومتی ہدایات پر عمل درآمد تیز کر دیا ہے، رانا سلیم

جمعرات 2 جولائی 2015 17:00

بورے والا ۔2 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جولائی۔2015ء) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر ریوینیو رانا سلیم احمدنے کہا ہے کہ شہریوں کو ملاوٹ سے پاک کھانے پینے کی اشیاء کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے حکومتی ہدایات پر عمل درآمد تیز کر دیا گیا ہے اور اس سلسلہ میں متعلقہ اتھارٹیز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر کارروائی کر کے اپنی رپورٹ پیش کریں ،یہ بات انہوں نے اپنے دفتر میں پنجاب فوڈ ایکٹ کے تحت شہریوں کو ملاوٹ سے پاک کھانے پینے کی اشیاء کی فراہمی یقینی بنانے کے حوالہ سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ،اجلاس میں ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر افضل بشیر ، سینیٹری انسپکٹر ذوالفقار ،ایس این اے شیخ محمد خرم سلیم اور ڈی ڈی او ہیلتھ شریک تھے ،اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اے ڈی سی رانا سلیم احمد نے ڈسٹرکٹ سینیٹری انسپکٹر سمیت دیگر متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر ہوٹلوں ، بیکریوں سمیت کھانچہ فروش کو صفائی اور کھانے پینے کی اشیاء کے معیار کو چیک کریں اور روزانہ شام کو اپنی رپورٹ معہ تصاویر پیش کریں ،انہوں نے کہا کہ ملاوٹ مافیا سے کوئی رعایت نہ کی جائے اس حوالہ سے ڈی سی او آفس میں انسداد ملاوٹ شکایت سیل قائم کر دیا گیاہے، انہوں نے کہا کہ خصوصی طور پر دودھ، آٹا،کوکنگ آئل اینڈ گھی ، منرل واٹر، سوڈا واٹر، بیوریجز ، شربت شکوائشز وغیرہ کی سیمپلنگ کی جائے اور ہوٹلوں ، بیکریوں کی صفائی ،کھانے اور اشیاء کے معیار کو چیک کیا جائے۔