پینے کا صاف پانی ہر شہری کا حق ہے، پنجاب حکومت صاف پانی پراجیکٹ کے ذریعے یہ حق انہیں دیگی‘شہبازشریف

آئندہ 3 برس کے دوران دیہات کے 4 کروڑ سے زائد افراد کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی‘وزیراعلیٰ پنجاب

جمعرات 2 جولائی 2015 17:11

لاہور ( (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جولائی۔2015ء) )وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پینے کا صاف پانی ہر شہری کا حق ہے اور پنجاب حکومت صاف پانی پراجیکٹ کے ذریعے شہریوں کو یہ حق دے گی، صاف پانی پراجیکٹ کا تعلق براہ راست عوام کی صحت سے جڑا ہوا ہے اور اس حوالے سے صاف پانی پراجیکٹ کا منصوبہ نہایت اہمیت کا حامل ہے ،آئندہ 3 برس کے دوران مفاد عامہ کے اس بڑے منصوبے پر 70 ارب روپے خرچ کئے جائیں گے، عوامی مفادکے اس بڑے منصوبے پر شفافیت، اعلی معیار اور برق رفتاری سے کام کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار یہاں ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں پنجاب صاف پانی پراجیکٹ پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 3 برس کے دوران پنجاب کے دیہات کے4 کروڑ سے زائد افراد کو پینے کا صاف پانی مہیا ہوگا۔

(جاری ہے)

رواں مالی برس صاف پانی پراجیکٹ پر 11 ارب روپے خرچ کئے جا رہے ہیں۔

جنوبی پنجاب کے علاقے بہاولپور ریجن کے 4 اضلاع بہاولنگر، رحیم یار خان، لودھراں اور بہاولپور میں منصوبے پر کام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔منصوبے میں شفافیت اور اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے کیلئے تھرڈ پارٹی آڈٹ لازم ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ منصوبے کے حوالے سے ڈیش بورڈ تیار کیا جائے اور تمام منصوبے کی ڈیجیٹل میپنگ کرائی جائے۔انہوں نے کہا کہ منصوبے کیلئے مقررکردہ ٹائم لائن میں کسی قسم کی توسیع کی اجازت نہیں دوں گا، پہلے سے مقررکردہ ٹائم لائن کے اندر منصوبہ مکمل کیا جائے۔

صوبائی وزیر خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، ایم این اے حمزہ شہباز، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹریز خزانہ، ہاؤسنگ، قانون، اطلاعات اور پراجیکٹ کے نئے و سابق چیف ایگزیکٹو آفیسرز نے اجلاس میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :