وائس چانسلر ڈاکٹر مجاہد کامران کی زیر صدارت اجلاس، ہاسٹلز کی نگرانی سخت کرنے کی ہدایت

جمعرات 2 جولائی 2015 17:23

لاہور ( (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جولائی۔2015ء))حکومت پنجاب کی ہدایت اور یونیورسٹیز کی سکیورٹی سے متعلق وائس چانسلرز کی حالیہ میٹنگ کے پیش نظر وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر مجاہد کامران کی زیر صدارت ہاسٹل وارڈنز اور سپرنٹنڈنٹس کا اجلاس الرازی ہال میں منعقد ہوا۔ جس میں ہاسٹل کی سکیورٹی کا جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں چئیرمین ہال کونسل پروفیسر ڈاکٹر محمد اختر، ڈپٹی چئیرمین پروفیسر ڈاکٹر مکشوف اطہر، ڈپٹی چئیرمین پروفیسر ڈاکٹر ممتاز اختر ، سیکرٹری ہال کونسل عمران جاویداور تمام ہاسٹلز کے وارڈن اور سپرنٹنڈنٹس نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر مجاہد کامران نے سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہاسٹل میں مقیم طلباء کی مزید سخت نگرانی کی جائے اور مہمانوں کا مکمل ریکارڈ رکھا جائے اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی کوتاہی کی گنجائش نہیں ہو گی۔ ہاسٹل وارڈنز اور سپرنٹنڈنٹس وقتاََ فوقتاََ رابطے میں رہیں اور عملے کو بھی نگرانی سخت کرنے کی ہدایات جاری کریں۔ انہوں نے کہا کہ وہ سکیورٹی کا جائزہ لینے کے لئے خود بھی ہاسٹلز کا دورہ کریں گے۔ ڈاکٹر مجاہد کامران نے ہدایات جاری کیں کہ ہاسٹلز میں طلباء کی سرگرمیوں پر بھی کڑی نظر رکھی جائے۔