سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت میں خامیاں نکالی جا رہی ہیں، صوبائی حکومت کے خلاف منفی پروپیگنڈہ کیا جا رہا ہے، صوبے میں اہم منصوبہ پر وفاقی حکومت کوئی توجہ نہیں دے رہی ، پنجاب میں منصوبوں کو جلد سے جلد مکمل کرنے کیلئے فنڈز کہاں سے آ جاتے ہیں

پیپلز پارٹی کے رہنما اور سینیٹ میں قائد حز ب اختلاف سینیٹر اعتزاز احسن کی مراد علی شاہ اور عمران لغاری کے ہمراہ پریس کانفرنس

جمعرات 2 جولائی 2015 17:34

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جولائی۔2015ء) پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور سینیٹ میں قائد حز ب اختلاف سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت میں خامیاں نکالی جا رہی ہیں، سندھ حکومت کے خلاف منفی پروپیگنڈہ کیا جا رہا ہے، سندھ میں اہم منصوبہ پر وفاقی حکومت کوئی توجہ نہیں دے رہی ہے، پنجاب میں منصوبوں کو جلد سے جلد مکمل کرنے کیلئے فنڈز کہاں سے آ جاتے ہیں۔

وہ جمعرات کو یہاں پیپلز سیکرٹریٹ میں سندھ کے وزیر خزانہ مراد علی شاہ اور ایم این اے عمران ظفر لغاری کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کی حکومت میں خامیاں نکالنے کا سلسلہ بند کیا جائے اور جو منفی پروپیگنڈہ کیا جا رہا ہے، وہ سندھ حکومت کو بدنام کرنے کی سازش ہے، وفاق کی جانب سے سندھ میں جاری منصوبوں پر کوئی توجہ نہیں دی جا رہی ہے، بجلی کے بل توقعات سے بڑھ کر آتے ہیں، پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں کیلئے راتوں رات فنڈز فراہم کئے جاتے ہیں اور سندھ کے اہم منصوبے کھٹائی میں پڑے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں اب تک جتنے منصوبوں پر کام ہوا عجلت میں کیا گیا، جس کے خاطر خواجہ نتائج برآمد نہیں ہو رہے ہیں، نندی پور بجلی منصوبے سے 41 روپے فی یونٹ بجلی پیدا کی جا رہی ہے، بغیر کسی حکمت عملی کے قوم کے پیسے کو ضائع نہ کیا جائے، اس موقع پر مراد علی شاہ نے کہا کہ حکومت اگر کوئلے سے بجلی پیدا کرنے میں سنجیدہ ہے تو کوئلے کی سب سے بڑی کان تھر میں موجود ہے، ونڈ انرجی کوریڈور 50ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی اووربلنگ بند کی جائے، پرائمری سکول جیکب آباد کا بجلی کا بل 10لاکھ 12ہزار159روپے آیا ہے، نئے بلوں میں ادا شدہ رقم کو واجبات میں شامل کرلیا جاتا ہے جو کہ سندھ کے عوام کے ساتھ زیادتی ہے۔