کراچی، پاکستان کے بلڈرز کیلئے ترکی میں منافع بخش کاروبار کے وسیع مواقع ہیں، حسین ڈمرڈلن

جمعرات 2 جولائی 2015 18:04

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جولائی۔2015ء) پاکستان کے بلڈرز کے لیے ترکی میں منافع بخش کاروبار کے وسیع مواقع ہیں۔ پاکستانی بلڈرز اور ڈیولپرز اپنے تجربے اور مہارت سے ترکی کی تیزی سے ترقی کرنیوالی معیشت سے بھر پور فائدہ حاصل کرسکتے ہیں۔یہ بات ترکی سے تعلق رکھنے والے پاک ترک بزنس ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل حسین ڈمرڈلن نے آباد ہاؤس میں ایسو سی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز کے ممبر بلڈرز سے خطاب کے دوران کہا۔

اس موقع پر ایسوسی ایشن کے پروجیکٹ منیجر ز سیدات تجلق اور عبدالکریم اوگز نے ترکی کی معیثت کے مختلف پہلوؤں پر اظہار خیال کیا۔آباد کے سدرن ریجن کے چیئرمین محمد حسن بخشی نے آباد کے ارکان بلڈرز کے دورہ ترکی کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستانی بلڈرز نے ترکی میں کاروبار کا آغاز کردیا ہے۔

(جاری ہے)

آباد کے ایک ممبر بلڈرز نے 100فلیٹس کا ایک پروجیکٹ مکمل کرلیا ہے اور200فلیٹس کے دوسرے پروجیکٹ پر کام شروع کردیا ہے۔

چیئرمین آباد جنید اشرف تالو نے کہاکہ برادر اسلامی ملک ترکی سے ہمارے بہترین تعلقات ہیں۔ اب بلڈرز کودبئی کے علاوہ دیگر ممالک پر بھی توجہ دینی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ اگست میں ملک بھر کے بلڈرز کا کنونشن منعقد کرکے بیرون ملک پروجیکٹس شروع کرنے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ وائس چیئرمین آباد محمد حنیف میمن نے کہا کہ آباد کے ممبر بلڈرز کا دورہ ترکی کامیاب رہا ہے اور انہیں ترکی کی مارکیٹ کا جائزہ لینے کا موقع ملا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے بلڈرز نے ہمیشہ معیاری کنسٹرکشن کی ہے اور وہ بیرون ملک بھی کامیاب ثابت ہوئے ہیں۔ ریجنل چیئرمین ا ٓباد محمد حسن بخشی نے کہا کہ پاکستانی بلڈرز ترکی میں با آسانی کام کر سکتے ہیں۔ وہاں پاکستانیوں کابے حد احترام کیا جاتا ہے ا ور اجنبیت کا احساس نہیں ہوتا۔ ترکی میں تعمیراتی پروجیکٹس کے لیے کثیر سرمایہ بھی درکار نہیں ہے۔

وہاں مشترکہ منصوبوں کے وسیع مواقع ہیں۔ ترکی میں سرمایہ کار پلاٹ فراہم کرتے ہیں جس لیے وہ60فی صد منافع کے حصہدار ہوتے ہیں۔ ان سے مذاکرات کرکے رہائش و تجارتی پروجیکٹس تعمیر کیے جا سکتے ہیں۔جنید اشرف تالو چیئرمین آباد نے اس موقع پر آباد کے معزز ممبر فارغ ندیم اور رمیز قاسم غازیانی کو آباد کے وفد کے دورے کو کامیاب اور یادگار بنانے کے سلسلے میں ان کی خدمات کو سراہا اور شیلڈ آف آنر سے نواز جبکہ پاک ترک بزنس ایسو سی ایشن کے نمائندوں کو یادگاری سکے دئے گئے۔

متعلقہ عنوان :