عوامی حقوق کاتحفظ ، درپیش مشکلات کاازالہ اولین ترجیح ہے، ضیاء اﷲ آفریدی

تحریک انصاف نے قومی سلامتی ،عوامی مفاد کو ترجیحات میں ہمیشہ سر فہرست رکھا ہے،وزیر معدنی ترقی خیبرپختونخوا

جمعرات 2 جولائی 2015 18:45

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جولائی۔2015ء)خیبر پختونخوا کے وزیربرائے معدنی ترقی اور پشاور میگا پراجیکٹس کے کوآرڈنیٹر و فوکل پرسن ضیاء اﷲ آفریدی نے واضح کیاہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے قومی سلامتی اور عوامی مفاد کو اپنی ترجیحات میں ہمیشہ سر فہرست رکھا ہے یہی وجہ ہے کہ عوام نے پی ٹی آئی کے خلاف بے شمار سازشوں کے باوجود اس پر اپنے اعتماد کے اظہارکااعادہ کیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز سے یہاں سے جاری ایک خصوصی بیان میں کیا۔ انہوں نے کہاکہ جمہوری نظام حکومت کا خاصہ یہ ہے کہ اس کا مرکز و محور عوام ہواکرتے ہیں۔پی ٹی آئی نے عوامی حقوق کے تحفظ کو یقینی بناتے ہوئے حقیقی جمہوری اقدارکوفروغ دیاہے جسکی بدولت یہ پاکستان کی مقبول ترین جماعت بن چکی ہے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر کاکہناتھاکہ صوبے میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد میں پہل کرناموجودہ صوبائی حکومت کے عوام دوست جذبات کی عکاسی کرتا ہے جبکہ دیگر صوبے اس سلسلے میں پس و پیش سے کام لے رہے ہیں۔

انہوں نے مزیدکہاکہ 5جولائی کو ہونے والے دوبارہ بلدیاتی انتخابات میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے جا رہے ہیں جس سے بد انتظامی اور گڑبڑکرنے کی کوئی گنجائش نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ خیبر پختونخوامیں بلا تاخیر دوبارہ انتخابات کا انعقاد پی ٹی آئی کے حقیقت پسندانہ اورلچکداررویے کا واضح ثبوت ہے۔