خطاطی کے شعبے سے وابستہ افراد خوش قسمت ہیں ،شعبہ رنگ و تخلیق کا اعلیٰ نمونہ ہے،محمد خان اچکزئی

اساتذہ شعبے پر توجہ دے کر آنیوالی نسلوں کی بہتر انداز میں رہنمائی کریں، گورنر بلوچستان

جمعرات 2 جولائی 2015 19:47

کوئٹہ ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جولائی۔2015ء ) گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے کہا ہے کہ خطاطی کے شعبے سے وابستہ افراد خوش قسمت ہیں اور یہ شعبہ رنگ و تخلیق کا اعلیٰ نمونہ ہے۔ اساتذہ کو چاہیئے کہ وہ مزید اس شعبے پر توجہ دے کر نئے آنے والی نسلوں کی بہتر انداز میں رہنمائی کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سردار بہادر خان وویمن یونیورسٹی میں خطاطی نمائش کے سلسلے میں افتتاحی تقریب کے دوران کیا۔

اس موقع پر کمانڈر سدرن کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ، صوبائی وزیر صحت رحمت صالح بلوچ، وائس چانسلر سردار بہادر خان یونیورسٹی ڈاکٹر رخسانہ جبیں اور ملک کے مختلف حصوں سے آئے ہوئے خطاط نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کو چاہیئے کہ وہ خطاطی کے شعبے پر مزید توجہ دیں اور اس اہم کام کو آگے بڑھائیں تاکہ نئی آنے والی نسلیں اس سے استفادہ کرکے ترقی کی راہ پر گامزن ہوسکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے طلباء پر زور دیا کہ وہ اپنی تعلیم پر خصوصی توجہ دیں آج کی دنیا میں جن قوموں نے ترقی کی ہے وہ سب تعلیم ہی کی مرہون منت ہے۔ تعلیم ہی انسان کو اندھیروں سے نکال کر روشنی کی طرف لے جاتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہماری ترقی کا راز تعلیم ہی میں پوشیدہ ہے ہمیں اپنی تمام تر توجہ تعلیم پر مرکوز کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ طلباء اپنی تعلیمی سرگرمیوں کو بہتر انداز میں جاری رکھتے ہوئے ملکی ترقی اور استحکام میں کلیدی کردار ادا کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کے اساتذہ اور وائس چانسلر کو چاہیئے کہ وہ اس طرح کے پروگرامز کے انعقاد کیا کریں جس سے طلباء کے معلومات وعلم میں اضافہ ہو۔ انہوں نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے دو ملین روپے کا اعلان بھی کیا۔ آخر میں گورنر اور کورکمانڈر سدرن کمانڈ نے نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے خطاط میں تعریفی اسناد تقسیم کئے۔ وریں اثناء گورنر نے شہدائے کی یادگار پر پھول چڑھائے اور فاتحہ پڑھی۔