کراچی ٹرانسفارمیشن سٹرٹیجی پر عملدرآمد سے شہر کی ترقی میں مدد ملے گی، کمشنر کراچی

عالمی بینک نے کراچی میں پانی ،سیوریج اورصفائی کا نظام بہتربنانے کی اسٹڈی تیار کر لی،شعیب احمد صدیقی

جمعرات 2 جولائی 2015 19:47

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جولائی۔2015ء) کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی نے کہا ہے کہ کراچی ٹرانسفارمیشن اسٹریٹجی پر عملدرآمد سے شہر کی ترقی میں مدد ملے گی۔ کمشنر کراچی عالمی بنک کے وفد سے اپنے دفتر سے ملا قات کر رہے تھے ۔ عالمی بنک کے وفد نے کمشنر کراچی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی ۔ عالمی بنک نے کراچی میں پانی ،سیوریج انفرا سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بہتربنانے کی اسٹڈی تیار کرلی رپورٹ کو ستمبر میں حتمی شکل دی جا ئے گی ۔

رپورٹ میں پیش کی گئیں تجاویز کی بنیاد پر منصوبے تیار کیے جائیں گے انھوں نے اجلاس میں کمشنر کراچی اور شہری اداروں کو اسٹڈی کی تفصیلات سے آگاہ کیا ۔وفد میں پروگرام لیڈر جافر فرایا Jaafar Friaa پیٹر ایلیس(Peter Ellis) اینڈریس روہڈ جوئیل کولکر(Joel Kolkerzl شہنا ز حارث خان اور دیگر موجود تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس کو بتا یا گیا کہ اسٹڈی میں کراچی کی ترقی کے لیے مختلف بنیادی شہر ی سہولتوں اور سالڈ ویسٹ نظام بہتر بنانے پانی کی فراہمی سیوریج نظام کی بہتری اور قدرتی آفات کے نقصانات سے بچاؤ کے انتظامات سے متعلق تجاویز کو شامل کیا گیا ہے ان منصوبوں سے کراچی کے دیرینہ مسائل حل ہوں گے۔

کمشنر کراچی نے کہا کہ کراچی کی ترقی اور ٹرانسفارمیشن کے لیے عالمی بنک کی اسٹڈی بہت اہم ہے اس پر عملدرآمد سے شہر کی ترقی میں مدد ملے گی ۔ کمشنر کراچی نے کہا کہ کراچی ٹرانسفارمیشن اسٹڈی میں پانی کی رسائی دور کرنے اور پمپنگ اسٹیشنوں پر متباد ل بجلی کی فراہمی کی تجاویز کو بھی شامل کیاجائے گا۔انھوں نے کہا کہ پانی کی موجو دہ لیکیج دور کر نے کے لیے جامع منصوبہ کے ساتھ کام کر نے کی ضرورت ہے۔

اس سے 150 ملین گیلن روزانہ سے زائد پانی ضائع ہو تا ہے منصوبہ پر عملدرآمد سے پانی کی کمی دور کر نے میں مدد ملے گی ۔انھوں نے پمپنگ اسٹیشنوں پر بجلی کی فراہمی کی ضرورت پوری کر نے کے لیے متباد ل انرجی استعما ل کرنے کے لیے منصوبہ بنانے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ پمپنگ اسٹیشنوں پر بجلی کی کمی کا دیرینہ مسئلہ حل ہو سکے۔کمشنر نے شہر میں پارکنگ کا دیرینہ مسئلہ حل کرنے کا منصوبہ تیار کر نے پر بھی زور دیا۔

انھوں نے کہا کہ پارکنگ کی سہولتیں نہ ہو نے کی وجہ سے شہر میں ٹریفک کا نظام خراب ہو رہا ہے لہذا پارکنگ کے لیے جگہ کی کمی دور کر نے کے لیے کراچی میں ٹریفک دباؤ والے تمام علاقوں میں پارکنگ لاٹس اور پارکنگ پلازہ بنانے کے لیے منصوبہ تیا ر کیا جا ئے گا۔ اجلاس میں شہری اداروں کے سینئر افسران اور سندھ حکومت کے متعلقہ محکموں کے سنیئر افسران نے شر کت کی۔

متعلقہ عنوان :