وزیر مملکت پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد کی زیر صدارت معذور افراد کی فلاح و بہبود سے متعلق اجلاس

وزیراعظم کی ہدایت پر وفاقی حکومت معذوری کے شکار افراد کو روزگار فراہم کرنے کیلئے اسپیشل ایمپلائمنٹ ایکسچینج سیل قائم کرے گی معذور افراد کو ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا بے روزگار معذور افراد کیلئے انڈوومنٹ فنڈ کے قیام کیلئے آئندہ قومی شماری میں معذور افراد کے اعداد و شمار جمع کئے جائیں گے

جمعرات 2 جولائی 2015 20:42

اسلام آباد ۔ 2 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جولائی۔2015ء) وزیراعظم محمد نواز شریف کی ہدایت پر وفاقی حکومت ملک بھر میں معذوری کے شکار افراد کو روزگار فراہم کرنے کیلئے اسپیشل ایمپلائمنٹ ایکسچینج سیل قائم کرے گی جو معذور افراد کام کرنے کے قابل نہیں ہیں، ان کو ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا۔ جمعرات کو اس سلسلے میں وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔

اجلاس میں تمام صوبوں سے معذور افراد کی فلاح و بہبود کیلئے کام کرنے والے اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

شیخ آفتاب نے کہا کہ بے روزگار معذور افراد کے لئے انڈوومنٹ فنڈ کے قیام کے لئے آئندہ قومی شماری میں معذور افراد کے اعداد و شمار جمع کئے جائیں گے۔ اجلاس کے دوران انہوں نے کہا کہ معاشرے کے محروم افراد کی صحت، تعلیم، امن و استحکام اور ملازمتوں سمیت ان کی دیکھ بھال ریاست کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت ہر پاکستانی شہری کو انصاف کی فراہمی کے لئے پرعزم ہے اور جو بھی حکومت سے مدد مانگے گا اس کی قانون کے مطابق مدد کی جائے گی۔ شیخ آفتاب نے متعلقہ حکام کو فرائض مزید موثر انداز میں ادا کرنے کی ہدایت کی۔