ماہ جون میں 543اشتہاری مجرمان و146عدالتی مفروران کوگرفتارکیا،ڈی پی او

جمعرات 2 جولائی 2015 20:57

خانیوال ۔2 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جولائی۔2015ء) ڈسٹرکٹ پولیس خانیوال نے ماہ جون میں جرائم پیشہ عناصر کیخلاف جاری مہم کے دوران 543مجرمان اشتہاری ‘146عدالتی مفرور اوربھاری مقدار میں ناجائز اسلحہ و منشیات برآمد کرلی ۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر خانیوال جہانزیب نذیر خان نے بتایا کہ مجرمان اشتہاری میں 44ایسے خطرناک مجرمان اشتہاری شامل ہیں جو درجنوں سنگین وارداتوں میں ملوث تھے اور عدالتی مفروران میں 296ایسے ملزمان شامل ہیں جو قتل ‘ڈکیتی ‘راہزنی کی وارداتوں میں ضمانت پر رہا ہوکر عدالتوں میں پیش نہیں ہورہے تھے ۔

انہو ں نے کہا کہ ضلع بھرکے تھانوں کے ایس ایچ اورز اور ایس ڈی پی اوز نے جرائم پیشہ عناصر کیخلاف جاری مہم میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے اور اس ضمن میں برآمد شدہ ناجائز اسلحہ میں 5کلاشنکوف ‘8رائفل‘50پسٹل‘1بندوق ‘1ریوالور اور 1کاربین شامل ہیں ،اسی طرح برآمد شدہ منشیات میں 29.850کلوگرام چرس ‘3.095کلوگرام ہیروئن ‘615لٹر شراب ‘800کلوگرام خام مال برائے افیون اور 538لٹرز لاہن شامل ہیں جبکہ شراب کی سپلائی کرنیوالی 10منی فیکٹریاں پکڑی ہیں ۔

(جاری ہے)

ڈی پی او نے بتایا کہ منشیات فروشوں کیخلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 70مقدمات کا اندراج کیا گیا، اسی طرح ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کیخلاف 72مقدمات کا اندراج ہوا اور قمار بازی کے اڈوں پر چھاپے کے دوران 6جواریوں کو گرفتار کیا گیا ۔ایمپلی فائر ایکٹ کے تحت 12مقدمات کا اندراج ہوا ہے ۔ڈی پی او جہانزیب نذیر خان نے مزید بتایا کہ ملتان ریجن میں شامل دیگر اضلاع کی نسبت ڈسٹر کٹ پولیس خانیوال کی کارکردگی بہتر اور مثالی رہی ہے اور آئی پنجاب مشتاق احمد سکھیرا نے 2015ء کے ابتدائی چھ ماہ کے دوران جرائم کی شرح پر قابو پانے اور مجرمان اشتہاری سمیت جرائم پیشہ عناصر کیخلاف جاری مہم میں قابل ستائش کردار ادا کیا ہے ۔