عوامی اہمیت کے معاملات ، بدعنوانی کے خاتمے، سرکاری شعبے کی کارکردگی میں بہتری اور عوام کو معیاری خدمات کی فراہمی کے سلسلے میں اپناکردار ادا کریں

صدر مملکت ممنون حسین کی آڈیٹر جنرل رانا اسد امین سے گفتگو

جمعرات 2 جولائی 2015 20:58

اسلام آباد ۔ 2 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جولائی۔2015ء) صدر مملکت ممنون حسین نے آڈیٹر جنرل کو ہدایت کی ہے کہ وہ عوامی اہمیت کے معاملات ، بدعنوانی کے خاتمے، سرکاری شعبے کی کارکردگی میں بہتری اور عوام کو معیاری خدمات کی فراہمی کے سلسلے میں اپناکردار ادا کریں۔ انہوں نے یہ بات آڈیٹرجنرل آف پاکستان رانا اسد امین سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنہوں نے جمعرات کو ایوانِ صدر میں اُن سے ملاقات کی۔

صدر مملکت نے انہیں نئی تقرری پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آڈیٹر جنرل آف پاکستان کا ادارہ دیانتداری، معیار اور شفافیت کی اعلیٰ اقدار کے فروغ میں اہم کردار کا حامل ہے۔ صدر نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ موجودہ حکومت کی شہرت کسی سکینڈل سے مجروح نہیں ہوئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اب ملک صحیح سمت میں گامزن ہے اور مجموعی اقتصادی صورتحال مستقبل قریب میں مزید بہتر ہوگی۔

صدر مملکت نے آڈٹ کے شعبہ میں فرانزک، ماحول اور آئی ٹی آڈیٹنگ جیسے جدید ترین رجحانات کو بروئے کار لاتے ہوئے آڈٹ ڈیپارٹمنٹ اور سرکاری شعبہ سے بدعنوانی اور نااہلی کو جڑ سے اکھاڑنے کے لئے مربوط کوششیں بروئے کار لانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی، وزارت خزانہ اور کنٹرولر جنرل آف اکاؤنٹس کے ساتھ آڈیٹر جنرل کے ڈیپارٹمنٹ کا قریبی رابطہ سرکاری مالیاتی مینجمنٹ، حکومتی اہلکاروں کے موثر احتساب اور پارلیمانی نگرانی کو تقویت دینے کے لئے ایک ناگزیر عنصر ہے۔ آڈیٹر جنرل نے صدر مملکت کو میرٹ، شفافیت اور احتساب کو یقینی بنانے کے لئے اپنے محکمے کی کارکردگی کی بہتری کے لئے اٹھائے جانے والے متعدد اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔

متعلقہ عنوان :