اسلام امن و سلامتی اور دوسروں کے دکھ درد میں شامل ہونے کا نام ہے ، ایک انسان کا قتل پوری انسانیت کا قتل ہے، قرآن کے الفاظ اور تعلیمات لوگوں تک پہنچانا باعث اجر ہے، صوت القرآن کو اسلام کی حقیقی تعلیمات پیش کرتی ہیں، پاکستان میں باصلاحیت لوگوں کی کمی نہیں

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید کا ریڈیو پاکستان کے صوت القرآن چینل کی افتتاحی تقریب سے خطاب

جمعرات 2 جولائی 2015 21:01

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جولائی۔2015ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ اسلام امن و سلامتی اور دوسروں کے دکھ درد میں شامل ہونے کا نام ہے، ہمارے نبیؐ پر گند پھینکنے والی عورت بیمار ہوئی تو وہ اس کی عیادت کیلئے بھی گئے ، ایک انسان کا قتل پوری انسانیت کا قتل ہے، قرآن کے الفاظ اور تعلیمات لوگوں تک پہنچانا باعث اجر ہے، صوت القرآن کو اسلام کی حقیقی تعلیمات پیش کرتی ہیں، پاکستان میں باصلاحیت لوگوں کی کمی نہیں۔

وہ جمعرات کو ریڈیو پاکستان میں صوت القرآن چینل کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے حادثے میں کچھ بچے نوجوان شہید ہو گئے ہیں، اس موقع پر تقریب میں تالیاں بجانے سے گریز کیا جائے، انہوں نے شہید کی مغفرت اور ان کے لواحقین کیلئے صبر کی دعا کی اور کہا کہ ہم ان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں، ریڈیا پاکستان کے ہر شعبے میں کام کرنے والے کارکن کو یہ سعادت حاصل ہوئی کہ صوت القرآن ریڈیو چینل کا باقاعدہ آغاز کیا، یہ چینل کروڑوں عوام تک قرآن پاک کی نشریات پہنچائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ غیر مسلم بھی ہمارے مذہب کی تعریف کرتے ہیں اور کہتے ہیں کہ اسلام امن و سلامتی اور دوسروں کے دکھ درد میں شامل ہونے کا نام ہے، ہمارے نبیؐ پر گند پھینکنے والی عورت بیمار ہوئی تو اس کی عیادت کیلئے بھی گئے اور پاک کتاب میں بھی آیا ہے کہ ایک انسان کا قتل پوری انسانیت کا قتل ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ صوت القرآن چینل پر اچھی آواز والے قراء کی آواز میں قرآن پاک کی تلاوت نشر کریں لیکن ہمارے اپنے ملک میں جن خواتین و حضرات کی آواز اچھی ہے انہیں بھی موقع دیں اور ان کی آواز میں بھی تلاوت نشر کریں۔ انہوں نے کہا کہ میں احسن اقبال کو بھی مبارکباد پیش کرتا ہوں جنہوں نے ریڈیو کیلئے کاوشیں کیں۔