صوبائی حکومت اقلیتی برادری کی فلاح وبہبود اور انکے حقوق کے تحفظ کیلئے بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی سردار سورن سنگھ

جمعرات 2 جولائی 2015 21:01

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جولائی۔2015ء ) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے اقلیتی امور سردار سورن سنگھ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت اقلیتی برادری کی فلاح وبہبود اور انکے حقوق کے تحفظ کیلئے بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے۔اور اس ضمن میں گزشتہ65 سالوں میں پہلی بار0.5فیصد اقلیتی کوٹہ کوبڑھا کر 3فیصد تک کر دیا ہے جبکہ اسے مزید 5فیصد تک بڑھانے کے لئے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کو سفارشات پیش کی گئی ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اوقاف ہال پشاورمیں اقلیتی طلبہ و طالبات میں تعلیمی وظائف کے چیکس تقسیم کے موقع پر منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیاجسکا اہتمام محکمہ اوقاف نے کیا تھا۔اس موقع پر سیکرٹری اوقاف ،مذہبی و اقلیتی امور احمد حسن،ایڈمنسٹریٹراوقاف ارشاداحمد،اقلیتی طلبہ و طالبات اور والدین نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

تقریب سے سیکرٹری اوقاف نے حکومت کی جانب سے اقلیتی برادری کی فلاح کیلئے بجٹ میں کئے گئے اقدامات کا تفصیلی ذکرکیا۔وزیر اعلی ٰکے معاون خصوصی سردار سورن سنگھ نے کہا کہ صوبائی حکومت کی اولین ترجیح شعبہ تعلیم کو مزید بہتر بنانا ہے اور اس ضمن میں تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ طلباء معاشرے میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اورہمارا قیمتی اثاثہ بھی ہیں لہذاانہوں نے طلباء پر زور دیا کہ وہ دور جدید کے تقاضوں کے مطابق عصری علوم پر عبورحاصل کرنے کے لئے اپنی تمام تر توجہ مرکوزکریں اور تحریک انصاف حکومت کی جانب سے اقلیتی طلباء کے لئے جاری تعلیمی سہولیات اور وظائف سے بھرپوراستفادہ حاصل کریں۔

انہوں نے کہاکہ سابقہ ادوار میں کوہاٹ،بنوں اورڈی آئی خان کے اضلاع کی اقلیتی برادری کو تقرریوں اور ترقیاتی کاموں سے بے خبر رکھا جاتا رہاجبکہ موجودہ حکومت نے انکی بہتری کیلئے باقاعدہ قوانین تیار کئے ہیں اور آج تقرریوں کے بارے میں باقاعدہ اشتہارات شائع ہونے کے علاوہ ویب سائٹ پراپ لوڈ بھی کئے جاتے ہیں تاکہ کسی کی حق تلفی نہ ہو۔انہوں نے کہاکہ ایف اے ،ایف ایس سی اور پی ایچ ڈی تک کے اقلیتی طلباء کیلئے تعلیمی وظائف شروع کئے گئے ہیں اور بے روزگار نوجوانوں کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کے لئے ہنر مندسکیم کا آغاز بھی کیا گیا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ جہیزفنڈ میں بھی اقلیتی برادری کا باقاعدہ حصہ رکھا گیا ہے اورانہیں میرٹ پر نوکریاں دی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ صوبے بھر کے مندروں،گوردواروں اور گرجا گھروں میں کمیونٹی پولیس اور سی سی پی کیمرے بھی نصب کئے جائیں گے اور چترال سے ڈی آئی خان تک اقلیتی برادری کے عبادت خانوں میں ضروری ترقیاتی سکیمیں بھی بروقت مکمل کی جائیں گی ۔ قبل ازیں معاون خصوصی نے طلباء میں وظائف چیک تقسیم کئے۔