مجلس وحدت المسلمین نے سازش کے تحت دوسری بڑی سیاسی جماعت کو قائد حزب اختلاف کا عہدہ حاصل کرنے سے روکا ، غیر جمہوری انداز میں قرعہ اندازی کا ڈرامہ رچا کر ایک نشست والی جماعت کو اپوزیشن لیڈر بنایا گیا، شاہ بیگ کو قائد حزب اختلاف تسلیم نہیں کرتے

اسلامی تحریک پاکستان ارکان قانون ساز اسمبلی محمد علی شیخ سکندر علی اور محمد شفیع کی مشترکہ پریس کانفرنس

جمعرات 2 جولائی 2015 22:34

گلگت ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جولائی۔2015ء ) اسلامی تحریک پاکستان سے تعلق رکھنے والے ارکان قانون ساز اسمبلی محمد علی شیخ سکندر علی اور محمد شفیع نے کہا ہے کہ مجلس وحدت المسلمین نے سازش کے تحت دوسری بڑی سیاسی جماعت کو قائد حزب اختلاف کا عہدہ حاصل کرنے سے روکا اور غیر جمہوری انداز میں قرعہ اندازی کا ڈرامہ رچا کر ایک نشست والی جماعت کو اپوزیشن لیڈر بنایا ، اسلامی تحریک کے ارکان اسمبلی شاہ بیگ کو قائد حزب اختلاف تسلیم نہیں کرتے ۔

وہ جمعرات کو یہاں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ اپوزیشن نے اسلامی تحریک سے مشاورت کے بغیر حکومت نوازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے عہدوں سے دستبرداری اختیار کی اور 23 جون کو ہونیوالے فیصلے کی خلاف ورزی کی جس کی وجہ سے اسلامی تحریک نے وزیراعلی کے مقابلے کیلئے خیر سگالی کے طور پر امیدوار سامنے نہیں لایا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت المسلمین نے منافقانہ اور دوغلی سیاست کی اور ہر طرح سے اسلامی تحریک کو اپوزیشن لیڈڑ کے عہدے سے محروم رکھنے کیلئے راستے بند کردیئے اس نومولود جماعت نے اخلاقیات ، جمہوری اصولوں کی دھجیاں بکھیر کر رکھ دی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایم ڈبلیو ایم کے جنت میں جانے کو بھی تیار نہیں ہیں اس جماعت کے علاوہ دیگر جماعتوں سے قائد حزب اختلاف کے نئے چناؤ پر بات چیت کی جاسکتی ہے ۔ مجلس وحدت المسلمین نے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے ملی بھگت کرکے گلگت کے 2 اہم انتخابی حلقوں ون اور ٹو میں اپوزیشن جماعتوں کو کامیاب ہونے سے روکا اور (ن) لیگ کے امیدواروں کی کامیابی کیلئے راستہ بنایا