100 دنوں کی ترجیحات میں کنوداس کے مسائل کو اولین حیثیت میں شامل کیا جائے،عمائدین کنوداس

جمعرات 2 جولائی 2015 22:34

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جولائی۔2015ء) عمائدین کنوداس نے کہا ہے کہ 100 دنوں کی ترجیحات میں کنوداس کے مسائل کو اولین حیثیت میں شامل کیا جائے۔ جمعرات کو معززین و عمائدین کنوداس سیف الرحمان، فردوس احمد، جمال خان، عبدالشکور، عادل جان، عبدالرحمان، خانزادہ و دیگر نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ مسلم لیگ(ن) نے حکومت میں آتے ہی 100دنوں میں تبدیلی لانے کا جو اعلان کیا ہے یہ خوش آئند اور حوصلہ افزاء ہے، گلگت شہر کی سب سے بڑی رہائشی آبادی کنوداس ہے جہاں کے عوام نے 8جون کے انتخابات میں مسلم لیگ(ن) کو بھاری ووٹ دے کر کامیاب بنایا ہے، اب وقت آ گیا ہے کہ کنوداس کے عوام کو درپیش مسائل کے حل کیلئے فوری کوششوں کا سلسلہ شروع کیا جائے اور 100دن کی ترجیحات میں کنوداس کے مسائل کو سرفہرست رکھا جائے تا کہ یہاں کے عوام کو درپیش مشکلات کا خاتمہ کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صاف پانی کی فراہمی کیلئے منصوبہ بندی کی جائے، رابطہ سڑکوں کی مرمت اور صفائی کے نظام کو بہتر بنایا جائے۔ عمائدین کنوداس نے کہا کہ گزشتہ پانچ سالوں کے دوران کنوداس کو دیوار سے لگا دیا گیا ہے، یہاں کے مسائل کو حل کرنے پر توجہ نہیں دی گئی، جس کی وجہ سے آج یہاں مسائل کے انبار لگے ہوئے ہیں، جن کے حل کیلئے عوام نے مسلم لیگ (ن) کو کامیاب بنایا ہے اب عوامی امنگوں کے مطابق کام کرنے کی ضرورت ہے