Live Updates

عمران خان قوم اور ملک کا وقت اور وسائل برباد کرنے پر پوری قوم سے معافی مانگیں‘تحریک انصاف جوڈیشل کمیشن کی کارروائی میں دھاندلی ثابت کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے ‘ جوڈیشل کمیشن کا حتمی فیصلہ عمران خان اور ان کی پارٹی کیلئے شرمندگی اور رسوائی کے سوا کچھ نہ ہو گا‘ وفاقی وزیر چوہدری محمد برجیس طاہر

جمعرات 2 جولائی 2015 22:50

اسلام آباد ۔2 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جولائی۔2015ء) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ عمران خان قوم اور ملک کا وقت اور وسائل برباد کرنے پر پوری قوم سے معافی مانگیں‘تحریک انصاف جوڈیشل کمیشن کی کارروائی میں دھاندلی ثابت کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے اور جوڈیشل کمیشن کا حتمی فیصلہ عمران خان اور ان کی پارٹی کیلئے شرمندگی اور رسوائی کے سوا کچھ نہ ہو گا۔

جمعرات کو اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر چوہدری محمد برجیس طاہر نے جوڈیشل کمیشن میں الیکشن کمیشن کی طرف سے جمع کرائے گئے دلائل کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ الیکشن کمیشن نے اپنے دلائل میں اس بات کی مکمل وضاحت کر دی ہے کہ تحریک انصاف منظم دھاندلی سے متعلق کوئی بھی ثبوت جمع کرانے سے قاصر رہی ہے۔

(جاری ہے)

مزید یہ کہ تحریک انصاف نے اضافی بیلٹ پیپر کی اُردو بازار سے چھپائی کے متعلق بھی کوئی ثبوت پیش نہیں کیے اس سے یہ واضح ہوتا ہے کہ تحریک انصاف کا واویلا محض عمران خان اور ان کے نادان مشیران کی اپنی ذہنی اخطراع ہے جس سے حقیقت کا دور تک کا کوئی تعلق نہیں ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ دراصل عمران خان خوابوں کی دنیا میں رہنے والے شخص ہیں اور دو دہائیوں سے سیاست میں ہونے کے باوجود وہ پاکستان کے ذہنی حقائق سے ناواقف ہیں۔2013ء کے جنرل الیکشن میں ہار ان سے ہضم نہیں ہوئی جس کے باعث انہوں نے دھاندلی کا شور مچانا شروع کر دیا۔ چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا کہ عمران خان کا ماضی دیکھتے ہوئے مجھے ابھی بھی شدید خدشات ہیں کہ وہ جوڈیشل کمیشن کا فیصلہ تسلیم کرینگے۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کے الیکشن میں سبق آموز شکست سے عمران خان کی آنکھیں کھل جانی چاہئیں کہ عوام کے مابین کس سیاسی لیڈر کے ایجنڈے کو زیادہ پذیرائی حاصل ہو رہی ہے۔ عوام نے تعمیر و ترقی سے متعلق میاں نواز شریف کے قومی وژن سے مکمل اتفاق کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کو بھاری کامیابی دلائی۔ وفاقی وزیر نے عمران خان کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے گرد موجود نادان مشیران کے حصار سے باہر آئیں اور اپنی تمام تر توجہ خیبرپختونخوا کے لوگوں کی ترقی اور خوشحالی پر گامزن کریں، یہی راستہ بچ گیا ہے جو کہ عمران خان کی سیاست کو دوام بخش سکتا ہے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :