وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن کی گورنر و وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان سے ملاقات

آئندہ چند دنوں میں گلگت بلتستان کی کابینہ قائم کر دی جائے گی‘ نئی صوبائی حکومت گلگت بلتستان کے لوگوں کے بھرپور اعتماد پر پورا اترے گی اور ان کی فلاح و بہبود کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھے گی‘چوہدری محمد برجیس طاہر

جمعرات 2 جولائی 2015 22:52

اسلام آباد ۔2 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جولائی۔2015ء) وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے جمعرات کو یہاں گورنر و وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان کی مجموعی سیاسی صورتحال اور خصوصاً گلگت بلتستان میں حکومتی سیاسی امور اور نئی کابینہ کی تشکیل کے حوالے سے امور زیرغور آئے۔

چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا کہ آئندہ چند دنوں میں گلگت بلتتستان کی کابینہ قائم کر دی جائے گی اور اس کے بعد نئی صوبائی حکومت اپنی بھرپور توانائی اور جوش و خروش کے ساتھ حکومتی امور چلانا شروع کر دے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کی نئی صوبائی حکومت گلگت بلتستان کے لوگوں کے بھرپور اعتماد پر پورا اترے گی اور ان کی فلاح و بہبود کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھے گی۔

(جاری ہے)

ملاقات میں وفاقی وزیر نے وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف کی ہدایت اور وژن کے مطابق حکومتی امور میں میرٹ اور شفافیت کو ہر صورت میں قائم رکھنے پر بھرپور زور دیا۔ انہوں نے کہاکہ جس طرح گلگت بلتستان میں قانون ساز اسمبلی کے الیکشن امن اور شفافیت کے اعتبار سے دیگر ملک کے رول ماڈل کے طور پر ابھرے ہیں۔ اسی طرح گلگت بلتستان میں مسلم لیگ (ن) کی صوبائی حکومت گڈگورننس کا بہترین نمونہ پیش کرے گی تا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کے ملک سے متعلق قومی وژن کو حقیقت کا روپ دیا جا سکے۔

گورنر گلگت بلتستان نے کہا کہ گلگت بلتستان میں شروع ہونے والے پاک چائنہ اقتصادی راہداری سمیت دیگر میگاپراجیکٹس کی صورت میں گلگت بلتستان کو ترقی کی منازل طے کرنے کے لئے ایک نادر موقع فراہم کیا ہے اور اب صوبائی حکومت کی یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اپنے احسن اقدامات اور گڈگورننس کی بدولت وفاقی حکومت کے باہمی تعاون سے ان پراجیکٹس سے بھرپور فائدہ اٹھائے۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ نے اپنے اوپر کیے جانے والے اعتماد پر وزیراعظم اور گورنر گلگت بلتستان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ نئی صوبائی حکومت ترقی کے لئے بھرپور کام کرے گی۔ انہوں نے گورنر کو یقین دلایا کہ حکومتی امور میں وزیراعظم کی ہدایت اور وژن کے مطابق حکومتی امور میں کفایت شعاری، میرٹ اور شفافیت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا تا کہ گلگت بلتستان میں باہمی اتحاد، خوشحالی اور ترقی کے خواب کو حقیقت کا رنگ دیا جا سکے۔

بعدازاں ایم ڈی بیت المال بیرسٹر عابد وحید شیخ نے وفاقی وزیر سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ وفاقی وزیر نے ایم ڈی بیت المال کی قائدانہ صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں بیت المال کا ادارہ مزید فعال ہوا ہے اور یہ پاکستان کی غریب عوام کے لئے کسی نعمت سے کم نہ ہے۔ اس موقع پر بیرسٹر عابد وحید نے گورنر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بیت المال ملک سے غربت کے اندھیروں کو ختم کرنے کے لئے اپنا بھرپورکردار جاری رکھے گا۔

متعلقہ عنوان :