گوجرانوالہ ٹرین حادثہ ، شہید ہونے والے فوجی افسران کی نمازجنازہ ادا،فوجی اعزازکیساتھ سپردخاک

جمعہ 3 جولائی 2015 11:41

گوجرانوالہ ٹرین حادثہ ، شہید ہونے والے فوجی افسران کی نمازجنازہ ادا،فوجی ..

لاہور /ملتان/ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جولائی۔2015ء) گوجرانوالہ میں ٹرین حادثہ میں شہید ہونے والے فوجی افسران کی نمازجنازہ اداکردی گئی ،شہداکو فوجی اعزازت کے ساتھ سپردخاک کردیا گیا ،نمازجنازہ میں سیاسی وعسکری قیادت سمیت ہزاروں کی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی ۔جمعہ کو ٹرین حادثہ میں شہید میجر عادل کی نماز جنازہ کیولری گراوٴنڈ میں ادا کی گئی جس میں کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل نوید زمان سمیت بحریہ اور فضائیہ کے اعلیٰ فوجی افسران بھی شریک ہوئے۔

ان کے جسد خاکی کو صبح لاہور پہنچایا گیا جہاں شہدا قبرستان کیولری گراوٴنڈ میں ان کی نماز جنازہ ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں کور کمانڈر لاہور نوید زمان جی او سی میجر جنرل طارق امان ، ڈی جی رینجر پنجاب میجر جنرل عمر فاروق برکی سمیت فوجی افسران اور عزیز و اقارب کی بڑی تعداد موجود تھی۔

(جاری ہے)

نماز جنازہ کے بعد شہید کے درجات کی بلندی کیلئے دعا مانگی گئی۔

نماز جنازہ سے قبل شہید کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔کیپٹن کاشف کی نماز جنازہ ان کے آبائی علاقے نظام پور میں ادا کی گئی جبکہ لیفٹیننٹ علی عباس کی نماز جنازہ وادی سون میں ادا کی گئی ۔کور ہیڈ کوارٹرز ملتان میں سانحہ ہیڈ چھنانواں کے شہدا کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی جس میں کور کمانڈر ملتان لیفٹیننٹ جنرل اشفاق ندیم سمیت دیگر فوجی اور پولیس افسران بھی شریک ہوئے۔لیفٹیننٹ کرنل عامر جدون کا جسد خاکی ایبٹ آباد پہنچا دیا گیا ہے۔ شہید کی نماز جنازہ ان کے آبائی علاقے میں ادا کی گئی ۔

متعلقہ عنوان :