بالی وڈ لیجنڈ راج کمال کو مداحوں سے بچھڑے 19برس بیت گئے

جمعہ 3 جولائی 2015 12:00

بالی وڈ لیجنڈ راج کمال کو مداحوں سے بچھڑے 19برس بیت گئے

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جولائی۔2015ء)اپنی خوب صورت اداکاری اور پرکشش آواز کے سبب بالی وڈ پر کئی دہائیوں تک حکم رانی کرنے والے لیجنڈری بالی وڈ اداکار راج کمار کو اپنے مداحوں سے بچھڑے 19برس بیت گئے۔ مخصوص لہجے، منفرد انداز اور ڈائیلاگ ڈلیوری میں کمال کے باعث ان کے ہم عصر ان کے سامنے گونگے ہوجاتے تھے۔ راج کمار نے اپنے کیریئر کا آغاز 1940کی دہائی کے اواخر میں بمبئی پولیس میں ایک سب انسپکٹر کی حیثیت سے کیا تھا۔

اس کے بعد وہ اداکاری کی طرف مائل ہوگئے، جس کے نتیجے میں 1952میں ان کی پہلی فلم ’رنگیلی‘ منظر عام پر آئی جو اوسط درجے کی فلم ثابت ہوئی، اس میں ان کے بولنے کے منفرد انداز کو فلم بینوں نے بہت پسند کیا۔ اس کے بعد وہ بولی وڈ کی لازوال فلم ’مدر انڈیا‘ میں جلوہ گر ہوئے، جو آسکر ایوارڈز کے لیے بھی نام زد ہوئی تھی۔

(جاری ہے)

اس فلم نے برصغیر کی فلمی تاریخ میں زبردست شہرت حاصل کی اور اسی کی وجہ سے راج کمار کو بھی شہرت ملی جس کے باعث انہوں نے کامیابی کی اس شاہراہ پر ایسا قدم رکھا کہ پھر کبھی پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔

ان کا فلمی کیریئر کم و بیش چار عشروں پر محیط رہا اور اس عرصے میں انہوں نے بالی وڈ کی 70سے زیادہ فلموں میں کام کرکے فلم بینوں اور ناقدین سے خود کو ایک ورسٹائل فنکار تسلیم کرایا۔ اپنی پہلی فلم ’رنگیلی‘ کے بعد راج کمار نے اپنی زندگی کی آخری فلم ’گاڈ اینڈ گن‘ میں کام کیا، جو 1995میں آئی تھی۔ راج کمار 3جولائی1996ء کو گلے کے کینسر کی وجہ سے انتقال کرگئے تھے۔ ان کی موت کے چند ماہ بعد ان کے بیٹے پورو راج کمار نے اپنی پہلی فلم ’بال برہمچاری‘ بنائی تھے، جو بعد میں اسی سال ریلیز ہوئی تھی۔