شعیب ملک کی سی پی ایل میں نصف سنچری، مین آف دا میچ قرار

جمعہ 3 جولائی 2015 13:00

شعیب ملک کی سی پی ایل میں نصف سنچری، مین آف دا میچ قرار

سینٹ کیٹس(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جولائی۔2015ء) پاکستانی آل راؤنڈر اور قومی ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک نے کریبیئن پریمیئر لیگ میں بارباڈوس ٹرائیڈنٹس کی طرف سے سینٹ لوشیا زوکس کے خلاف میچ میں نصف سنچری بنائی۔ ان کی شاندار کارکردگی پر انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ سینٹ کیٹس میں کھیلے گئے میچ میں بارباڈوس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 148رنز بنائے، شعیب ملک نے 34 گیندوں پر 5 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 51 رنز کی اننگز کھیلی۔

جوابی اننگز میں سینٹ لوشیا کی طرف سے کوئی بھی کھلاڑی اچھی کارکردگی نہ دکھا سکا۔ سٹار انگلش بیٹسمین کیون پیٹرسن صرف ایک رن بنا سکے۔ روس ٹیلر نے 20 اور کپتان ڈیرن سیمی نے 15 رنز بنائے۔

(جاری ہے)

ٹیم 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 133رنز بنا سکی۔ شعیب ملک کو بہترین کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔کریبیئن پریمیئر لیگ میں پاکستان کی طرف سے عمر اکمل، شعیب ملک، شاہد آفریدی، کامران اکمل، سہیل تنویر شرکت کر رہے ہیں۔ شعیب ملک کا یہ لیگ میں سیکنڈ لاسٹ میچ تھا۔ وہ کل آخری میچ میں شرکت کے بعد سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز میں شرکت کے لئے واپس لوٹ آئیں گے، ان کی جگہ مصباح الحق کو لیگ فرنچائز میں شامل کیا گیا ہے جو 11 جولائی کو لیگ کی طرف سے پہلا میچ کھیلیں گے۔