وزیر اعظم سیاحت کی ترقی کے لئے اپنی سربراہی میں خود مختار اتھارٹی بنائیں ‘ سی ای او کوتھم

جمعہ 3 جولائی 2015 14:14

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جولائی۔2015ء)کالج آف ٹور ازم اینڈ ہوٹل مینجمنٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر احمد شفیق نے وزیر اعظم نواز شریف سے اپنی سربراہی میں سیاحت کی ترقی کیلئے خود مختار اتھارٹی بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کو مجموعی قومی آمدنی میں اضافے کیلئے نئے ذرائع تلاش کرنا ہوں گے،سیاحت کے شعبے کی ترقی سے جہاں دنیا بھر میں پاکستان کا سوفٹ امیج اجاگر ہوگا وہیں کثیر زر مبادلہ بھی حاصل کیا جا سکے گا ۔

اپنے ایک بیان میں سی ای او کوتھم نے کہا کہ پاکستان کا شمار دنیا کے ان چند ممالک میں ہوتا ہے جہاں پر بے پناہ قدرتی خوبصورتی ہے اور یہی چیز ہمیں بہت سے ممالک سے ممتاز کرتی ہے ۔ دبئی صحراؤں کو سیاحتی مقامات میں تبدیل کر کے اپنی آمدنی میں بے پناہ اضافہ کر رہا ہے جبکہ ہم سب کچھ ہوتے ہوئے بھی محروم ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مطالبہ ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف اپنی سربراہی میں سیاحت کی ترقی کے لئے خود مختار اتھارٹی تشکیل دیں اور سیاحتی مقامات کی نشاندہی کر کے وہاں عملی اقدامات کئے جائیں تاکہ مقامی اور دنیا سے سیاح اس طرف کا رخ کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ مجموعی قومی آمدنی میں زراعت اور صنعت کا اہم کردار ہے لیکن اس کے ساتھ ہمیں نئے ذرائع بھی تلاش کرنے چاہئیں اور سیاحت ایسا شعبہ ہے جس پر انتہائی کم خرچ کر کے زراعت اور صنعت سے زیادہ آمدن حاصل کی جاسکتی ہے ۔