جلوس یوم شہادت حضرت علی کے حوالے سے خصوصی اجلاس کا انعقاد

جمعہ 3 جولائی 2015 14:24

بھکر۔3جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جولائی۔2015ء) ڈی پی او بھکر آغامحمد یوسف نے جلوس یوم شہادت حضرت علی کے سلسلے میں ممبران امن کمیٹی ،انجمن تاجران و منتظمین جلوس سے خصوصی اجلاس کیا۔ ڈی پی او نے جملہ شرکاء کو ماہ رمضان کی مبارک دی اور کہا کہ ماہ رمضان رحمتوں والا مہینہ ہے ۔انہوں نے کہاکہ ہم مسلمان ہیں اور مذہب اسلام میں مسلمان کبھی بھی دوسرے فرقہ یا مذہب کو بُرا بھلا کہنے کی اجازت نہیں دیتا ۔

(جاری ہے)

یوم شہادت علی کے موقع پر ہمیں آپس میں اختلافات بھلا کر ان عظیم ہستیوں کی زندگی کو مشعل راہ بنانا ہے۔انہوں نے کہاکہ جلوس کے موقع پر سخت اور فول پروف انتظامات عمل میں لائے گئے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں اور ان کی سرکوبی کے لیے پولیس کی مدد کرنا ہو گی۔ اس موقع پر رانا محمد آفتاب ، وزارت حسین نقوی ، رانا محمد حنیف نے جملہ انجمن تاجران و مذہبی راہنماؤں ، ممبران امن کمیٹی کی طرف سے پوری طرح پولیس کی مدد کی یقین دہانی کروائی۔