فیسکو کی ٹیکسٹائل انڈسٹریل سیکٹر کو سحر و افطار کے وقت بجلی استعمال نہ کرنے کی ہدایت

جمعہ 3 جولائی 2015 14:38

فیصل آباد۔3جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جولائی۔2015ء)فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی نے ٹیکسٹائل انڈسٹریل سیکٹر کو سحر و افطار کے وقت بجلی استعمال نہ کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ چونکہ سحر و افطار کے وقت گھریلو صارفین کو تسلسل کے ساتھ بلاتعطل بجلی کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اس لئے ٹیکسٹائل انڈسٹری مالکان سحر وافطار کے دوران بجلی استعمال نہ کریں تاکہ دیگر صارفین کو لوڈ شیڈنگ کا سامنا نہ کرناپڑے اور گھریلو صارفین بھی آسانی کے ساتھ سحر وافطار کے مقدس و بابرکت لمحات سے مستفید ہو سکیں۔

فیسکوکے ترجمان نے بتایاکہ ریجن بھر کے ٹیکسٹائل انڈسٹریل سیکٹر سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ مذہبی ، دینی ، قومی جذبے کے تحت سحر و افطار کے علاوہ تراویح کی نماز کے اوقات میں بھی اپنے کارخانوں و فیکٹریوں میں بجلی کا استعمال نہ کریں تاکہ اس وقت پیک آورز میں بجلی کی ٹرپنگ اور اوور لوڈ کے باعث کسی فنی خرابی سے بچا جاسکے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ وزارت پانی و بجلی کی خصوصی ہدایت پر قائم کردہ چیف ایگزیکٹو کمپلینٹ سیل میں سحر ، افطار اور نماز تراویح کے اوقات میں بجلی کی بندش کے متعلق شکایات وصول کی جارہی ہیں اور ان کا فوری تدارک بھی یقینی بنایاجا رہا ہے۔

انہوں نے بتایاکہ تمام سپرنٹنڈنگ انجینئرز ، ایکسینز ، منیجرز ، ڈپٹی منیجرز ، اسسٹنٹ منیجر زفیسکو آپریشن سمیت تمام حکام پر واضح کر دیاگیاہے کہ اگر کسی جگہ مذکورہ اوقات میں بجلی کی بندش کی شکایت ملی تو ان کے خلاف سخت ترین کاروائی عمل میں لائی جائے گی اور کسی فنی خرابی کے علاوہ کوئی عذر قابل قبول نہیں ہو گا۔ انہوں نے بتایاکہ فیسکو رمضان المبارک کے دوران اپنے معزز صارفین کو زیادہ سے زیادہ ریلیف کی فراہمی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے ۔