نرسریوں میں تیار کردہ ٹماٹر ، مرچوں اور پیاز کے پودے سبزیوں کے کاشتکاروں کو فراہم کئے جائیں گے، ماہرین زراعت

جمعہ 3 جولائی 2015 14:43

فیصل آباد۔3جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جولائی۔2015ء)ماہرین زراعت نے کہاہے کہ ہرسال نرسریوں میں تیار کردہ ٹماٹر کے 2لاکھ 60 ہزار ، مرچوں کے 3لاکھ 40ہزار اور پیاز کے 2لاکھ 93ہزار پودے سبزیوں کے کاشتکاروں کو فراہم کئے جائیں گے ، حکومت نے سبزیوں کی پیداوار بڑھانے اور عوام کو ان کی کم قیمتوں پر فراہمی کے 4سالہ منصوبہ کے لیے نئے مالی سال کے آغاز پر41کروڑ روپے کے فنڈز جاری کردئیے جس سے ٹماٹر کی دوغلی اقسام کا 1 ہزار کلو ، پیاز کا 3سو کلو ، مرچوں کا 1ہزار کلو ، لہسن کا 16ہزار کلو اور آلو کا 40ہزارکلوگرام بیج تیار کرکے ہر سال پنجاب کے 24اضلاع اٹک ،سرگودھا، خوشاب ،بھکر ، فیصل آباد ، چنیوٹ ، سیالکوٹ ، نارووال ، گوجرانوالہ ، شیخوپورہ ، ننکانہ صاحب ، لاہور ، قصور، اوکارہ ، ساہیوال ، پاکپتن، ملتان ،لودھراں، خانیوال، وہاڑی ، مظفرگڑھ، بہاولپور، رحیم یار خاں اور بہاول نگرکے کاشتکاروں کو رعائتی نرخوں پر فراہم کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

جمعہ کے روزایک ملاقات کے دوران انہوں نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شبہاز شریف کی ہدایت پر سبزیوں کی پیداوار بڑھانے اورعوام کو ان کی کم قیمتوں پر فراہمی کے مذکورہ منصوبہ کے تحت کاشتکاروں کو ٹماٹر ، مرچ ، آلو، پیاز اورلہسن کے زیادہ پیداواری صلاحیت کے حامل خالص بیجوں کی فراہمی کے لیے کام شروع ہوگیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ سبزیوں کی پیداوار بڑھانے کے منصوبہ کے تحت ویجیٹبیل ریسرچ انسٹیٹیوٹ، پوٹیٹو ریسرچ انسٹیٹیوٹ اورپنجاب سیڈ کارپوریشن کے تعاون سے مذکورہ بیج تیار کیا جارہا ہے ۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ہرسال نرسریوں میں تیار کردہ ٹماٹر کے 2لاکھ 60ہزار ، مرچوں کے 3لاکھ 40ہزار اور پیاز کے 2لاکھ 93ہزار پودے بھی سبزیوں کے کاشتکاروں کو فراہم کئے جائیں گے۔ انہوں نے بتایاکہ محکمہ زراعت کا توسیعی شعبہ پنجاب کے ان 24اضلاع میں سبزیوں کی کاشت کے فروغ اور بہتر دیکھ بھال بارے کاشتکاروں کی عملی تربیت کے لیے نمائشی پلاٹ لگائے گاجبکہ شعبہ پوسٹ ہارویسٹ کے ماہرین کاشت کاروں کو سبزیوں کے بعد ازبرداشت نقصانات میں کمی کرنے کے لیے جدید سفارشات بارے آگاہی فراہم کریں گے۔

انہوں نے بتایاکہ پاکستان کے موسمی حالات اور آب وہوا معیاری سبزیوں کی کاشت کے لیے انتہائی موزوں ہے لہٰذاسبزیوں کے معیار ی بیجوں کی تیاری اور کاشتکاروں کو فراہمی کے چیلنجز سے عہدہ برآء ہوکر ان کی پیداوار میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت کے اس نئے منصوبہ کے ذریعے کاشتکار محکمہ زراعت پنجاب کی طرف سے فراہم کردہ بیجوں ، نرسری پودوں اور فنی رہنمائی سے بھر پور استفاد کرتے ہوئے سبزیوں کی پیداوار میں اضافہ کے لیے اپنا کردار ادا کریں تاکہ شہری و دیہی عوام کو معیاری اور سستی سبزیوں کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔