نندی پور پاور پلانٹ کے بعد ساہیوال کول پاور ڈرامہ بھی اپنے انجام کو پہنچ گیا‘ خدیجہ فاروقی

جمعہ 3 جولائی 2015 14:58

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جولائی۔2015ء) مسلم لیگ (ق)شعبہ خواتین پنجاب کی صدر و رکن صوبائی اسمبلی خدیجہ عمرفاروقی نے کہا ہے کہ نندی پور پاور پلانٹ کے بعد ساہیوال کول پاور ڈرامہ بھی اپنے انجام کو پہنچ گیا۔انہوں نے کہا کہ ہم انسان اور ماحول دشمن منصوبہ کی زمین کی خریداری پر لاہور ہائی کورٹ کی طرف سے سٹے آرڈر کا خیر مقدم کرتے ہیں ۔

کوئلے سے چلنے والے پاور پلانٹ پوری دنیا میں آلودگی کے باعث بند ہورہے ہیں لیکن پنجاب میں کول پاور پلانٹ لگانے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے اور زبردستی لوگوں کی قیمتی زمینوں پر قبضہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے انہوں نے کہا کہ ان پاور پلانٹ سے آلودگی کے ساتھ ساتھ نندی پور کی طرح مہنگی بجلی پیدا ہوگی اور اس میں استعمال ہونے والا تمام کوئلہ بیرون ممالک سے منگوایا جانا تھا جس سے اربوں روپے خرچ ہوتے اور پنجاب میں کول پاور پلانٹ تک یہ کوئلہ بذریعہ ٹرین پہنچایا جانا تھا جس سے ٹرانسپورٹیشن پر بھی بھاری اخراجات استعمال ہوتے ۔

(جاری ہے)

خدیجہ فاروقی نے کہا کہ توانائی بحران کے خاتمہ اور سستی بجلی کے حصول کے لیے کالا باغ ڈیم منصوبہ شروع کیا جائے اس کے علاوہ دیگر تمام ذرائع سے مہنگی بجلی حاصل ہوگی جو عوام اور صنعتکاروں دونوں کے مفاد کے خلاف ہے ۔اس لیے حکومت فی الفور اس منصوبہ پر کام شروع کرے۔

متعلقہ عنوان :