سٹی پولیس پہلی مرتبہ پولیس آپریشن اور نگرانی کیلئے ڈرون کیمروں کا استعمال کرے گی

جمعہ 3 جولائی 2015 15:10

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جولائی۔2015ء) سٹی پولیس پہلی مرتبہ پولیس آپریشن اور نگرانی کیلئے ڈرون کیمروں کا استعمال کرے گی تقریباً پچاس کیمرے حال ہی میں پنجاب پولیس کی جانب سے حاصل کیے ہیں، جنہیں راولپنڈی کی ڈسٹرکٹ پولیس کے حوالے کردیا گیا۔ایک کیمرے کا وزن تقریبا 1200 گرام ہے تاہم پولیس اہلکاروں نے اب تک اس نئے گیجٹ کو آپریٹ کرنے کی تربیت حاصل نہیں کی ضلعی پولیس کے ساتھ ساتھ سہالہ کالج کی پولیس اور پنجاب ہائی وے پٹرولنگ پولیس بھی ڈرون کیمرے حاصل کریگی جن کے ذریعے مجرموں کے اڈّوں، احتجاجی مظاہروں اور دہشت گردوں کے خفیہ ٹھکانوں کی نگرانی کی جائے گی۔

یہ ڈرون کیمروں کو استعمال کرنا آسان ہے اور ان میں وڈیو شوٹ کرنے کے لیے اور فوٹوگراف لینے کے لیے کیمرے نصب ہیں اس کی فوٹیج براہ رست لیپ ٹاپ یا موبائل فون پر موصول ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

اس ڈیوائس کا آپریٹر وڈیو شوٹنگ کے دوران اس کے زاویوں کو تبدیل کرسکتا ہے۔ ان کی پرواز کا زیادہ سے زیادہ وقت 25 منٹ ہے۔سٹی پولیس افسر اسرار احمد عباسی نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ یہ ڈرون کیمرے پولیس نگرانی کیلئے استعمال کرے گی، خاص طور پر احتجاج کے دوران تاہم اس کو آپریٹ کرنے کے لیے ایک ماہر کی ضرورت ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ایک آئی ٹی کے ماہر قابل پولیس اہلکاروں کی اس ڈیوائس کو آپریٹ کرنے کی تربیت دیں گے۔ریموٹ کے ذریعے کنٹرول ہونے والا یہ ڈرون پندرہ میٹر فی سیکنڈ کی رفتار سے پرواز کرتا ہے اور زیادہ سے زیادہ 60 میٹر کی بلندی سے تصاویر لے سکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :