گجرانوالہ ٹرین حادثے میں قیمتی جانوں کا ضیاع قومی المیہ ہے ، واقعہ کی شفاف تحقیقات کی جانی چاہیے، ڈاکٹر فوزیہ صدیقی

جمعہ 3 جولائی 2015 16:52

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جولائی۔2015ء)عافیہ موومنٹ سیکریٹریٹ سے جاری ہونے والے ایک بیان میں عافیہ موومنٹ کی سربراہ اور دماغی امراض کی ماہر ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ گجرانوالہ ٹرین حادثے میں قیمتی جانوں کا ضیاع قومی المیہ ہے ۔ واقعہ کی شفاف تحقیقات ہونی چاہیئے ۔ فوجی افسران ، خواتین ، بچوں اور جوانوں کی شہادت پر پوری قوم غمگین ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اگر یہ حادثہ ریلوے حکام کی غفلت سے ہوا ہے تو ذمہ داران کا تعین کرتے ہوئے قرار واقعی سزا دینی چاہیئے تاکہ مستقبل میں ایسے المناک حادثات کو وقوع پذیر ہونے سے روکا جاسکے ۔ آخر کب تک ہم اپنی غفلت سے انسانی جانوں کا شکار کرتے رہیں گے ۔ پاکستان کا سب سے بڑا المیہ یہ ہے کہ یہاں پر ادارے اور اشخاص اپنی ذمہ داری قبول کرنے کے بجائے دوسروں پر الزام لگاتے ہیں۔

(جاری ہے)

چند افراد کی غفلت سے قوم اتنے بڑے سانحہ کا شکار ہوجاتی ہے۔ حکومت اور وزیر ریلوے کو فوری طور پر راست اقدام کرنا چاہیئے ۔ ڈاکٹرفوزیہ صدیقی نے مزید کہا کہ ہماری دلی ہمدردیاں شہید ہونے والے فوجی افسران ، خواتین ، بچوں اور جوانوں کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں ۔ خاص طور پر بچوں اور خواتین کی شہادت تو نہایت افسوسناک ہے۔ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے وزیرِاعظم سے مطالبہ کیا کہ شہداء کے اہلخانہ اور زخمیوں کو حکومت کی جانب سے فوری طور پر معاوضہ کی ادائیگی کی جائے تاکہ دکھ اور پریشانی کے اس موقع پر ان کی کچھ داد رسی ہوسکے ۔

ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے اخبارات میں شائع ہونے والی خبر کے حوالے سے کہا کہ اگر اس واقعہ میں دہشت گردی کا امکان ہے تو اس کو بھی نظر انداز نہیں کرنا چاہیئے کیونکہ ملک دشمن قوتیں ہر طرح سے پاکستان کو نقصان پہنچانے کے درپے ہیں لیکن اس کے لئے ضروری ہے کہ شفاف تحقیقات کے لئے کمیشن قائم کیا جائے ۔ انہوں نے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف سے بھی درخواست کی کہ وہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے اہلخانہ اور عافیہ موومنٹ کے رضا کاروں کی جانب سے شہداء اور زخمیوں کے اہلخانہ سے گہری ہمدردی و تعزیت کا اظہار کریں ۔یقینا اس حادثے پر پاکستان کا ہر شہری دکھ اور غم کا شکار ہے ۔