ٹریفک مسائل کے حل کیلئے کراچی ڈویثرن ٹریفک مینجمنٹ بورڈ کی تشکیل

جمعہ 3 جولائی 2015 16:52

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جولائی۔2015ء)کراچی کے ٹریفک مسائل کے حل کے لیے کراچی ڈویثرن ٹریفک مینجمنٹ بورڈ تشکیل دے دیا گیا ہے۔ کمشنر کراچی عہدہ بورڈ کے چیئر مین ہوں گے۔ بورڈمیں ٹریفک سے متعلق تمام ادارے شامل ہوں گے۔ بورڈ کے قیام سے شہر کے ٹریفک اور تجاوزات کے مسائل حل ہوں گے۔بورڈ کے چیئر مین کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی کی صدارت میں ان کے دفتر میں بورڈ کا ایک اجلا س ہوا ۔

جس میں ایڈیشنل آئی جی ٹریفک خادم حسین بھٹی، ایڈیشنل کمشنرکراچی ون جاوید صبغت اللہ مہر ڈائریکڑ لوکل گورنمنٹ روبینہ آصف,کمانڈر کراچی کے نمائندے کیپٹن پاکستان نیوی محمد رضوان ٹریفک پویس کے سینئر افسران ،ٹرانسپورٹ اینڈ کمیونکیشن ڈپارٹمنٹ کے ڈائریکڑ حیدر علی اور چارجڈ پارکنگ ڈپارٹمنٹ کے ڈائریکڑ جمیل احمد اور ڈائریکڑ سندھ بلڈنگز کنٹرول اتھارٹی قاضی ممتاز اقبال بھی مو جو د تھے۔

(جاری ہے)

کمشنر کراچی نے کہا کہ ٹریفک کی موجودہ صورتحال شہر یوں کے لیے انتہائی تکلیف دہ صورتحال سے دوچار ہے ۔ ٹریفک نظام کوسائنٹفک تقاضوں کے مطابق ترجیحی بنیادوں پر حل کر نے کی ضرورت ہے ۔ ٹریفک کی موجودہ صوتحال حکومت کے لیے ایک چیلنج بن گئی ہے ۔ کراچی ٹریفک مینجمنٹ بورڈ کراچی کا ٹریفک نظام کو ٹھیک کرنے کے اقدامات کرے گا اور اس سے تعلق رکھنے والے تمام مسائل کو بھی حل کرے گا ۔

کمشنر نے کہا کہ بورڈ کے قیام سے ٹریفک کا نظام ٹھیک کر نے کے لیے مربوط کوششیں کی جاسکیں گی۔ تمام متعلقہ اداروں کا تعاون حاصل کیا جاسکے گا اور مشاورت کی جاسکے گی ۔ بورڈ ٹریفک نظام کی خرابی کے تمام اسباب کا سد باب کرے گا۔

ٹریفک کی راہ میں حائل تمام تجا وزات کو ہٹائے گا اور چارجڈ پارکنگ نظام بہتر بنایا جائے گا۔ اس میں نظم و ضبط لایا جائے گا تاکہ چارجڈ پارکنگ سے ٹریفک کی روانی بہتربنانے کا مقصد حاصل کیا جاسکے ۔

بورڈ کی تشکیل سے شہر کی ٹریفک کی بہتری کے موجودہ اور مستقبل کے تقاضے پورے ہوں گے۔ کراچی کے ٹریفک کے مسائل کے حل کے لیے ہر ادارہ کو اپنا کر دار ادا کر نے کا موقع ملے گا۔کمشنر نے کہا کہ ٹڑیفک پویس کو قابل فخر سروس بنایا جا ئے گا ۔ اس میں یونیورسٹیوں اور کالجوں سے تعلیم یافتہ نوجوانوں پر مشتمل خصو صی ٹریفک پولیس کی ٹیم تشکیل دینے کا جائزہ لیا جا ئے گا۔

ٹریفک پولیس کو مالی سمیت مختلف ترغیبات فراہم کر نے کے اقدامات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کراچی ٹریفک مینجمنٹ بورڈکی معاونت کے لیے تمام اضلاع میں ڈپٹی کمشنرز کی سربراہی میں ٹریفک مینجمنٹ کمیٹیاں قائم کی جائیں گی جو اپنے اپنے اضلاع میں ٹریفک نظام کی بہتری کے لیے فوری نوعیت کے اقدامات کر سکیں گے بورڈ کو اپنی تجاویز دیں گے۔

اور ٹریفک کی بہتری کے بورڈ کے فیصلو ں پر عملدرآمد کے لیے اقدامات کریں گے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ بننے والی خراب سڑکوں کی مر مت کے لیے اقدامات کیے جائیں گے ۔ ڈائریکڑ لوکل گورنمنٹ روبینہ آصف اس سلسلہ میں تمام متعلقہ شہری اداروں کو اجلاس طلب کریں گی اور شہر میں ٹوٹی ہوئی سڑکوں کی مرمت کے لیے اقدامات کریں گی ۔ایڈیشنل آئی جی ٹریفک پولیس خادم حسین بھٹی نے کہا کہ کراچی دو کروڑ سے زائد کی آبادی کا شہر ہے یہاں کا ٹریفک ملک کا سب سے زیادہ پیچیدہ اور مشکل ٹریفک بن گیا ہے ۔ٹریفک پولیس کراچی کے ٹریفک کو ٹھیک کرنے میں اپنا بھر پور کر دار ادا کر رہی ہے۔