Live Updates

اﷲ کی عدالت میں عمران خان کا گریبان پکڑ کر حساب لوں گا، عمران خان نے مجھ پر کیچڑ اچھالا، جھوٹ بولنے والے کی کیا ساکھ رہ جاتی ہے،منہ سے نکلے الفاظ پستول کی گولی کی طرح واپس نہیں آتے، سیاسی بیان اور آرٹیکل 63,62 میں کوئی فرق نہیں ،سچ نہ بولنے والے پر آرٹیکل 63,62لاگو ہونا چاہیے،عمران خان کے خلاف کبھی ایسی زبان استعمال نہیں کی کہ نظریں جھکانی پڑیں، عمران خان شوکت خانم کو پیسے نہ دیں اور اسمبلی کو واپس کریں

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو

جمعہ 3 جولائی 2015 17:27

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جولائی۔2015ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ اﷲ کی عدالت میں عمران خان کے گریبان کوپکڑکر حساب لوں گا، عمران خان نے مجھ پر کیچڑ اچھالا، جھوٹ بولنے والے کی کیا ساکھ رہ جاتی ہے،منہ سے نکلے الفاظ پستول کی گولی کی طرح واپس نہیں آتے، سیاسی بیان اور آرٹیکل 63,62 میں کوئی فرق نہیں ،سچ نہ بولنے والے پر آرٹیکل 63,62لاگو ہونا چاہیے،عمران خان کے خلاف کبھی ایسی زبان استعمال نہیں کی کہ نظریں جھکانی پڑیں، خان صاحب اسمبلی سے لئے جانے والے پیسے شوکت خانم میموریل ہسپتال کو نہ دیں بلکہ اسمبلی کو واپس کریں کیونکہ یہ عوام کا پیسہ ہے۔

جمعہ کو ایک نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ سیاسی بیان اور آرٹیکل 63,62 میں کوئی فرق نہیں ہے، سچ نہ بولنے والے شخص پر آرٹیکل 63,62لاگو ہونا چاہیے، جھوٹ بولنے والے رہنما کی کیا ساکھ رہ جاتی ہے، منہ سے نکلے الفاظ پستول کی گولی کی طرح واپس نہیں آتے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے مجھ پر بے بنیاد اور من گھڑت الزامات لگائے ہیں ، جن کا وہ ابھی تک جوڈیشل کمیشن میں کوئی ثبوت نہیں پیش کر سکے ، اﷲ کی عدالت میں عمران خان کے گریبان پر ہاتھ رکھ کر حساب لوں گا کیونکہ عمران خان نے مجھ پر کیچڑ اچھالا ہے۔

سردار ایاز صادق نے کہا کہ پی ٹی آئی ارکان کے ایوان میں آنے کے بعد تنخواہیں روکنے کا جواز نہیں تھا، اراکین اخلاقی طور پر سوچیں کہ اگر وہ ایوان میں نہیں آئے تو عوام کا پیسہ کیوں لے رہے ہیں ، اور اگر وہ یہ پیسہ شوکت خانم میں دیتے ہیں تو وہ اپنی جیب سے دیں یہ تو عوام کا پیسہ ہے جو انہیں اسمبلی میں جمع کرا نا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اراکین تحریک انصاف کے استعفوں کی انفرادی طور پر تصدیق نہیں ہو سکی جس کی وجہ سے ان کے استعفے ابھی تک منظور نہیں کئے جا سکے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ میں نے کبھی بھی عمران خان کے خلاف ایسی زبان استعمال نہیں کی کہ مجھے ان کے سامنے اپنی نظریں جھکانی پڑیں، لوگ آنکھوں پر پٹی باندھ کر عمران خان کو فالو کر رہے ہیں۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات