حکومت مستحقین کے علاج کیلئے 25کروڑ سے زائد رقم جاری کر رہی ہے، ملک ندیم کامران

Zeeshan Haider ذیشان حیدر جمعہ 3 جولائی 2015 17:57

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جولائی۔2015ء)صوبائی وزیر زکوٰۃ و عشر ملک ندیم کامران نے کہا ہے کہ حکومت مستحقین کے علاج کیلئے صوبائی سطح کے ہسپتالوں اور طبی اداروں کو 25کروڑ روپے سے زائد رقم جاری کر رہی ہے۔ انہوں نے گزشتہ روز پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے دورہ کے موقع پر ہیلتھ ویلفیئر کمیٹی کی جانب سے مستحق مریضوں کے علاج کیلئے کئے گئے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے کہاکہ محکمہ زکوٰۃ و عشرنے2014-15ء کے دوران دو ششماہی اقساط میں مستحقین اور نادار لوگوں کے علاج کیلئے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کو ایک کروڑ 80لاکھ روپے کے فنڈز جاری کئے جن سے دل کے عارضہ میں مبتلا 1126مستحقین کا مفت علاج کروایا گیا۔

انہوں نے تفصیلات کا ذکر کرتے ہوئے بتایاکہ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کو جاری کردہ ایک کروڑ 80لاکھ روپے کے فنڈز میں سے دل کے عارضہ میں مبتلا 563مستحق مریضوں کو علاج و مفت ادویات کی سہولت فراہم کی گئی جبکہ 543مریضوں کے دل کا آپریشن کروایا گیا جس پر ایک کروڑ 59لاکھ 43ہزار روپے خرچ ہوئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید بتایا کہ 19مستحق مریضوں کو پیس میکر لگایا گیاجس پر 20لاکھ 27ہزار روپے خرچ ہوئے جبکہ ایک مستحق مریض کو ایپی کارڈیل لیڈ لگائی گئی جس پر 30ہزار روپے خرچ ہوئے۔

ملک ندیم کامران نے زکوٰۃ فنڈ سے علاج کروانے آئے ہوئے مریضوں سے علاج کی سہولتوں بارے استفسار کیا تو انہوں نے بتایاکہ ان کا تعلق انتہائی غریب خاندانوں سے ہے اور وہ اپنے خرچ پر دل کا آپریشن کروانا تو دور کی بات اس بارے میں سوچ بھی نہیں سکتے تھے۔ مریضوں نے زکوٰۃ فنڈ سے علاج کروائے جانے پر پنجاب حکومت اور صوبائی وزیر کا شکریہ ادا کیا۔ صوبائی وزیر نے کہاکہ حکومت اپنے طور پر مستحقین کو علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کرنے اور ان کی گزارہ الاؤنس ، شادی گرانٹ اور دیگر مدوں میں بھرپورامدادواقدامات کررہی ہے مگراس ضمن میں مخیر حضرات کو بھی آگے بڑھ کر اس نیک کام میں حصہ ڈالنا چاہیے۔