تیسرا ٹیسٹ ، سری لنکا نے پاکستان کیخلاف پہلے روز 8وکٹوں پر 272رنز بنا لئے

جمعہ 3 جولائی 2015 18:16

تیسرا ٹیسٹ ، سری لنکا نے پاکستان کیخلاف پہلے روز  8وکٹوں پر 272رنز بنا ..

پالی کیلے (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جولائی۔2015ء) سری لنکا نے پاکستان کیخلاف پالی کیلے ٹیسٹ کے پہلے روز لنکن اوپنر کرونا رتنے کے 130 اور اوپل تھرنگا کے 46رنز کی بدولت8وکٹوں کے نقصان پر 272رنز بنا لئے‘یاسر شاہ کی جانب سے عمدہ باؤلنگ کا سلسلہ جاری ‘4 وکٹیں حاصل کر کے سیریز میں وکٹوں کی مجموعی تعداد 21 تک پہنچا دی‘مصباح الحق کی جانب سے اظہر علی سے باؤلنگ کا تجربہ کامیاب رہا‘ 2 قیمتی وکٹیں حاصل کیں‘پاکستان کا تیسرے ٹیسٹ میں ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ‘قومی ٹیم میں 4تبدیلیاں کی گئیں۔

تفصیلات کے مطابق جمعہ کو پالی کیلے اسٹیڈیم میں میچ کے پہلے روز پاکستانی ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ سری لنکا کی پہلی وکٹ15 کے اسکور پر گری جب کوشل سلوا نو رنز بنا کر راحت علی کا شکار بنے۔

(جاری ہے)

دوسری وکٹ اپل تھارنگا کی گری جو46 رنز بنا کر یاسر شاہ کا شکار بنے۔ لہیرو تھریمانے11 رنز بنا سکے، ان کی وکٹ بھی یاسر شاہ کے حصے میں آئی۔

کپتان اینجلو میتھیوز صرف تین رنز بنا سکے، وہ یاسر شاہ کا تیسرا شکار بنے۔ یاسر شاہ نے دو سو چار کے مجموعی اسکور پر جیہان مبارک کو گھر بھیجا، وہ 25رنز بنا سکے۔ اوپنر کرونا رتنے نے شاندار سنچری اسکور کی، وہ ایک سو تیس رنز بنا کر اظہر علی کا شکار بنے۔ دھامیکا پرساد کو بھی اظہر علی نے یاسر شاہ کے ہاتھوں کیچ کرا دیا۔ آٹھویں آؤٹ ہونے والے دنیش چندیمل تھے، وہ راحت علی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔

پہلے روز کا کھیل ختم ہوا تو سری لنکا نے 86اوورز کھیل کر 272رنز بنا رکھے تھے اوراس کی 8وکٹیں گر چکی تھیں۔ پاکستان کی طرف سے یاسر شاہ نے 4‘ اظہر علی اور راحت علی نے 2,2وکٹیں حاصل کیں۔اس سے قبل میچ کیلئے قومی ٹیم میں چار تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ فاسٹ بولر وہاب ریاض زخمی ہونے کے سبب ٹیم میں شامل نہیں۔ جنید خان اور ذوالفقار بابر کو بھی ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا۔ پاکستانی سکواڈ میں تین فاسٹ بولر شامل کئے گئے ہیں۔ یاسر شاہ کے ساتھ محمد عمران، راحت علی اور احسان عادل بولنگ کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔ تین میچوں کی یہ سیریز 1-1 سے برابر ہے۔

متعلقہ عنوان :