وزیراعظم محمد نواز شریف کی مری میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت

جمعہ 3 جولائی 2015 18:47

مری ۔ 3 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جولائی۔2015ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے مری میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ اس سیاحتی مقام پر سیاحوں کو بہترین سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے یہ ہدایت جمعہ کو مری میں گورنر ہاؤس میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔

وزیراعظم نے چھ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل پر اطمینان کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

مکمل ہونے والے منصوبوں میں جنرل بس اسٹینڈ کی حالت بہتر بنانے، صفائی ستھرائی اور فضلہ کو ٹھکانے لگانے کے نظام کو جدید بنانے، سڑکوں، بانسرہ گلی، فاریسٹ پارک اور واٹر سپلائی اسکیموں کی بحالی جیسے منصوبے شامل ہیں۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ جنرل پوسٹ آفس و مری آرٹس کونسل کی اصل حالت میں بحالی ٹریفک کے انتظام کو بہتر بنانے اور شہر کی خوبصورتی اور باغبانی کے چار منصوبوں پر وزیراعظم محمد نواز شریف کے وژن کے مطابق کام جاری ہے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ مری کی پرانی شان و شوکت کی بحالی اور اسے بہتر بنانے میں کسی قسم کی کوئی کوتاہی نہیں برتی جانی چاہئے۔