بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی جانے والی ترسیلات زر غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر بڑھانے میں مددگار ثابت ہوئی ہیں، وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کا دوبئی میں ایم سی بی بینک کی برانچ کی افتتاحی تقریب سے خطاب

جمعہ 3 جولائی 2015 18:59

دوبئی/اسلام آباد ۔ 3 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جولائی۔2015ء) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی جانب سے بھیجی جانے والی ترسیلات زر غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر بڑھانے میں مددگار ثابت ہوئی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دوبئی میں ایم سی بی بینک کی برانچ کے افتتاح کے موقع پر کیا۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایم سی بی کی دوبئی میں برانچ کے قیام سے یہاں مقیم پاکستانی برادری کو اعلیٰ معیار کی بینکنگ خدمات میسر آئیں گی جس سے انہیں ترسیلات زر پاکستان بھیجنے میں سہولت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ دیگر پاکستانی بینکوں کو بھی مشرق وسطیٰ اور دیگر علاقوں میں جہاں پاکستانی بڑی تعداد میں مقیم ہیں، اپنی برانچیں قائم کرنی چاہئیں تاکہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات میسر آ سکیں۔

(جاری ہے)

اسحاق ڈار نے غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 18.7 ارب ڈالر سے تجاوز کرنے پر انہیں مبارکباد دی۔ انہوں نے متحدہ عرب امارات کی ترقی میں پاکستانیوں کے کردار کو بھی سراہا۔ اس موقع پر شیخ نہیان مبارک النہیان نے پاکستان کے صف اول کے بینک کی جانب سے دوبئی میں اپنی برانچ کھولنے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ متحدہ عرب امارات میں مقامی اور بین الاقوامی نیٹ ورک میں ایک اچھا اضافہ ہے۔

متعلقہ عنوان :