پاکستان کا سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز کیلئے 16رکنی ٹیم کا اعلان

جمعہ 3 جولائی 2015 19:02

پاکستان کا سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز کیلئے 16رکنی ٹیم کا اعلان

لاہور۔3جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جولائی۔2015ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی نے سری لنکا کے خلاف پانچ ون ڈے میچوں پر مشتمل سیریز کے لئے 16رکنی ٹیم کا اعلان کردیا۔ وہاب ریاض،حارث سہیل اور صہیب مقصود زخمی ہونے کی وجہ سے ڈراپ جبکہ محمد عرفان ٹیم میں کم بیک کرنے میں کامیاب رہے، بلال آصف اور مختار احمد کو پہلی بار سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے جبکہ عمر اکمل اور جنید خان کو نظر انداز کر دیا گیا۔

محمد حفیظ مشکوک باؤلنگ ایکشن کے باوجود ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئے۔ اعلان کردہ 16رکنی سکواڈ میں کپتان اظہر علی، احمد شہزاد، محمد حفیظ، مختار احمد، اسد شفیق، شعیب ملک ، محمد رضوان، بابر اعظم، سرفراز احمد (نائب کپتان )، یاسر شاہ، بلال آصف، عماد وسیم، انور علی، محمد عرفان، احسان عادل اور راحت علی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

چیف سلیکٹر ہارون الرشید نے قومی سلیکشن کمیٹی کے اراکین ،کپتان اظہر علی اور ہیڈ کوچ وقار یونس سے مشور ہ کرنے کے بعد اور چیئرمین پی سی بی شہر یار خان کی منظوری سے مذکورہ ٹیم کا اعلان کیا ۔

چیف سلیکٹر کا کہنا تھا کہ وہاب ریاض،حارث سہیل اور صہیب مقصود انجریز کی وجہ سے سلیکشن کے لئے دستیاب نہیں تھے ۔حارث سہیل اور صہیب مقصود ون ڈے سیریز سے مکمل طور پر آؤٹ ہوگئے جبکہ میڈیکل پینل رواں ماہ کے وسط میں وہاب ریاض کے بائیں ہاتھ کی سکیننگ کرکے ان کی صحت یابی کا اندازہ لگائے گا اور امید کی جارہی ہے کہ وہ سیریز کے آخری دو ون ڈے میچوں تک فٹ ہوجائین گے۔ اگر وہاب ریاض فٹ ہو گئے تو سلیکشن کمیٹی ٹیم مینجمنٹ سے مشورے کے بعد انہیں دوبارہ سری لنکا بھیجنے پر غو ر کیا جائے گا۔ محمد حفیظ کا باؤلنگ ایکشن کلیئر نہ ہونے کی صورت میں ان کی جگہ بلال آصف کو موقع دیا جائے گا۔ بلا ل آصف نے ثابت کیا ہے کہ وہ پاور فل شاٹس کھیلنے کے علاوہ آف سپن باؤلنگ کرسکتے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :