عمران فاروق قتل کیس میں جے آئی ٹی کی تحقیقات ابتدائی مرحلے میں ہیں ، اس وقت کچھ اخذ کرنا قبل از وقت ہوگا،میڈیا ذمہ داری کامظاہرہ کر کے قیاس آرائیوں پر یقین نہ کرے ، وزارت داخلہ میڈیا کوکیس کی پیش رفت کے حوالے سے آگاہ کرتی رہے گی

وزارت داخلہ کے ترجمان کی عمران فاروق قتل کیس کے حوالے سے شائع خبروں کی تردید

جمعہ 3 جولائی 2015 20:19

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جولائی۔2015ء ) وزارت داخلہ نے ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس کے حوالے سے بعض من گھڑت خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد قرار دیاہے اور کہاہے کہ ایسی خبروں سے اس حساس کیس کی کارروائی متاثر ہوسکتی ہے ، جے آئی ٹی کی تحقیقات ابتدائی مرحلے میں ہیں اور اس سے اس وقت کچھ اخذ کرنا قبل از وقت ہوگا،میڈیا ذمہ داری کامظاہرہ کرتے ہوئے قیاس آرائیوں پر یقین نہ کرے ، وزارت داخلہ میڈیا کوکیس کی پیش رفت کے حوالے سے آگاہ کرتی رہے گی۔

جمعہ کو وزارت داخلہ کے ترجمان کے مطابق ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس کے حوالے سے میڈیا کے ایک حصے کی جانب سے بے بنیاد اور من گھڑت خبریں چلائے جانے کا نوٹس لیا گیا ہے ۔ ترجمان نے ایسی من گھڑت خبروں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے بے بنیاد قرار دیا ہے اور کہا ہے اس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ ایسے معاملے پر احساس ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے اور صبر ع تحمل کا مظاہرہ کرنے کی بجائے میڈیا کے بعض حصے نامعلوم معلومات کی بناء پر اس معاملے پر سنسنی خیزی پیدا کرنے کو ترجیح دے رہے ہیں حالانکہ اس کیس میں ملکی اور بین الاقوامی نوعیت کی قانونی پیچیدگیاں ہیں ۔

وزارت داخلہ کی جانب سے ہر وقت اور بار بار تردیدوں کے باوجود میڈیا کے بعض حصے عمران فاروق قتل کیس کے معاملے پر سنسنی خیز خبریں جاری کرنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں ۔ ترجمان نے کہا کہ وزارت داخلہ نے سکاٹ لینڈ یارڈ کی ٹیم پاکستان آمد اور میڈیا کو مقدمے کے حوالے سے مسلسل آگاہ رکھنے کے اعلان کے باوجود صبرو تحمل کی بجائے جھوٹی خبریں شائع و نشر کی جارہی ہیں ۔

ایسی بے بنیاد خبروں سے نہ صرف قانون نافذ کرنے والے حکام کا کیس کے حوالے سے منطقی انجام تک پہنچنے کیلئے کام متاثر ہوتا ہے بلکہ اس سے لوگ بھی گمراہ ہوتے ہیں ، اس سے غلط فہمیاں بھی پیدا ہوتی ہے ۔ ترجمان نے کہا کہ عمران فاروق قتل کیس میں مشترکہ تحقیقاتی ٹیم ( جے آئی ٹی ) کی تحقیقات ابتدائی مرحلے میں ہیں اور ابتدائی مرحلے میں اس سے کچھ اخذ کرنا قبل از وقت ہوگا ۔

وزارت داخلہ کے ترجمان نے کہا کہ میڈیا سے اپنی اپیل دہراتے ہیں کہ اس قسم کی من گھڑت خبریں نشر کرنے سے گریز اور وزارت داخلہ سے رسمی اعلان تک اس سلسلے میں صبروتحمل کا مظاہرہ کیا جائے ۔ انہوں نے نے اس امید کا اظہار کیا کہ ملک کا ذمہ دار میڈیا کیس کی حساسیت کو سمجھتے ہوئے ایسی کسی بھی من گھڑت اور قیاس آرائیوں پر مبنی خبروں کو شائع کرنے سے گریز کرے گا جس سے عمران فاروق قتل کیس کی تحقیقاتی کارروائی کو بہتر طریقے سے سرانجام دینے کے عمل میں خلل پیدا ہو ۔