Live Updates

پنجاب حکومت سیاسی انتقام کے لیے پولیس کو استعمال کررہی ہے،پنجاب پولیس گلو بن چکی ہے ٗ میرے بھانجے نرم مزاج اورشائستہ نوجوان ہیں ، واقعہ کی پہلے سے منصوبہ بندی کی گئی تھی، تشدد کے واقعے پر پنجاب حکومت کو بے نقاب کرونگا

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کاٹوئٹر پر پیغا م

جمعہ 3 جولائی 2015 20:21

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جولائی۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے الزام لگایا ہے کہ پنجاب حکومت سیاسی انتقام کے لیے پولیس کو استعمال کررہی ہے۔ جمعے کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر عمران خان نے اپنے متعدد ٹوئیٹس میں پنجاب پولیس کی جانب سے ٹریفک قوانین کی مبینہ خلاف ورزی پر اپنے بھانجوں کی گرفتاری اور تشدد پر شدید تنقید کی۔

عمران خان نے اپنی ٹوئٹ میں سوال کیا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر شہریوں پر تشدد کب سے کیا جانے لگا؟ انھوں نے دعویٰ کیا کہ دونوں نوجوانوں پر صرف اس لیے تشدد کیا گیا کیوں کہ وہ ان کے بھانجے تھے۔جائے وقوع پر میڈیا کے فوراً پہنچ جانے کے معاملے کو عجیب قرار دیتے ہوئے عمران خان نے دعویٰ کیا کہ کہ اس واقعہ کی پہلے سے منصوبہ بندی کی گئی تھی ٗصوبائی پولیس کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے پی ٹی آئی چیئرمین نے بتایا کہ پنجاب پولیس گلو بن چکی ہے۔

(جاری ہے)

عمران خان نے اپنے بھانجوں کو نرم مزاج اورشائستہ نوجوان قرار دیتے ہوئے ان کی تربیت پر فخر کا اظہار کیاانہوں نے کہاکہ ان کے بھانجوں نے کبھی بھی ان سے تعلق کو اپنے ذاتی مفاد کے لیے استعمال نہیں کیا۔پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ یہ شرمناک ہے کہ کس طرح واقعہ کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے ان کی بہن کو فون کیا کیوں کہ وہ اپنے صوبے کی پولیس کو درندہ بنانے کے ذمہ دار ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھانجوں پر تشدد کے معاملے پر وہ پنجاب حکومت کو بے نقاب کریں گے جو پولیس فورس کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات