حکومت علاقائی اخبار نویسوں کے مسائل پر بھی حکومت توجہ دے ،عاصمہ جہانگیر

دہشت گردی کے خاتمہ کے لیے عدل وانصاف کا نظام لانا ہو گا، عام آدمی تک اس وقت ہی انصاف کی فراہمی ہو گی جب ہمارے عدالتی نظام میں بہتر ی کی جائے گی ،وفد سے گفتگو

جمعہ 3 جولائی 2015 20:28

اوکاڑہ کینٹ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جولائی۔2015ء)سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی سابق صدر عاصمہ جہانگیر نے کہا ہے کہ قلم اور کیمرے سے مظلوم آدمی کی آواز بنے والے علاقائی اخبار نویسوں کے مسائل پر بھی حکومت توجہ دے ،پسماندہ علاقوں میں مظلوم افراد کی مدد کر نے والو ں پر ہی ظلم ہو رہاہے، دہشت گردی کے خاتمہ کے لیے عدل وانصاف کا نظام لانا ہو گا۔

ان خیالات کا اظہار انہو ں نے اپنے دفتر میں ریجنل یونین آف جرنلسٹس پنجاب کے جنرل سیکرٹری عابد حسین مغل کی قیادت میں ملنے والے وفد سے گفتگو کر تے ہوئے کیا ۔عاصمہ جہانگیر نے کہا کہ علاقائی صحافیو ں نے ہمیشہ اپنی قلم اور کیمرے کے ذریعے پسماندہ علاقوں میں ظلم وزیادتی کا شکار ہو نے والے افراد کی آواز کو بلند کر نے میں اہم کردار ادا کیا ہے ،ایسے اخبار نویسوں کے مسائل کے حل کے لیے حکومت صرف وعد ے ہی نہیں بلکہ ان کے جائز مطالبات کو عملی جامہ پہنایا جائے۔

(جاری ہے)

وفد سے گفتگو کر تے ہوئے انہو ں نے کہا کہ علاقائی صحافیو ں کے حقوق کے لیے آواز آٹھانے والے اخبار نویسو ں کے مطالبات حکومت وقت کو بہت جلد پورے کر نے پڑیں گے ، عاصمہ جہانگیر نے علاقائی صحافیو ں کے ساتھ ہو نے والی زیادتیو ں کے خلاف اپنی این جی او کے پلیٹ فارم پر ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ عام آدمی تک اس وقت ہی انصاف کی فراہمی ہو گی جب ہمارے عدالتی نظام میں بہتر ی کی جائے گی ۔