حاجی غیبی روڈقبرستان پرقوم پرست پارٹی کاقبضہ قابل مذمت ہے،جمعیت

راتوں رات قبرستان کومسمارکرکے مردوں کی بے حرمتی کی گئی،مولاناترابی

جمعہ 3 جولائی 2015 20:32

کوئٹہ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جولائی۔2015ء ) جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے امیرمولاناولی محمدترابی نے حلقہ21حاجی غیبی روڈمولادادسٹریٹ میں برسراقتدارقوم پرست پارٹی کی جانب سے قدیم قبرستان کومسمارکرکے اس پرقبضہ کرنے کی شدیدمذمت کرتے ہوئے کہاکہ سرکاری املاک اوراراضی پرقبضے کے بعداب قبرستانوں پرقبضہ کرنے کی شرمناک تاریخ رقم کی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہارانہوں نے حلقہ 20کے امیرعبدالرحمن بڑیچ کی جانب سے ان کے اعزازمیں دی گئی افطاری کے موقع پرمقامی لوگوں کی شکایت پرگفتگوکرتے ہوئے کیا،اس موقع پرمولوی حبیب اللہ مینگل،عزیزاللہ پکتوی،مفتی عبدالغفورمدنی،رحیم الدین ایڈوکیٹ،مولوی رازمحمد،مولوی محمدطاہراورمولوی فیض اللہ بھی موجودتھے،مولاناولی محمدترابی نے کہاکہ راتوں رات قبرستان کومسمارکرکے واٹرٹینکی کے نام پراس پرقبضہ کرنے کی کوشش کرتے ہوئے مردوں کی بے حرمتی کی گئی،جس سے علاقہ مکینوں میں تشویش پائی جاتی ہے اورانہوں نے شدیدغم وغصے کااظہارکیاہے انہوں نے کہاکہ قوم پرستوں نے اس سے قبل جبل نورالقران قبرستان پرقبضہ کیا،شہرکے مختلف علاقوں میں سرکاری املاک اورزمینوں پرقبضہ کیااوراب حاجی غیبی روڈمیں قدیم قبرستان پرقبضہ کرنے کی کوشش شروع کی ہے جس کے خلاف علاقے کے لوگ اٹھ کھڑے ہوئے اورانہوں نے قوم پرست پارٹی کی جانب سے قبضہ کرنے کی کوشش ناکام بنادی انہوں نے کہاکہ عوام کے مسائل حل کرنے میں موجودہ حکومت بری طرح ناکام رہی،شہرمیں پانی کی شدیدقلت پیداکی گئی ہے،عوام کو ٹینکرمافیاکے رحم کرم پرچھوڑدیاگیا،عوام کاایک ہی مطالبہ ہے کہ پانی فراہم کرویاحکومت چھوڑدوانہوں نے کہاکہ تمام دین دوست عوام مل کرقوم پرست حکومت کے ناجائزاورشرمناک قبضوں کی کوشش ناکام بنادیں۔