راجباہ کا بیڈ لیول اونچا کرنے اور پانی بندکرنے کیخلاف دائر درخواست پر سیکرٹری آبپاشی سے دو ہفتوں میں جواب طلب

جمعہ 3 جولائی 2015 20:45

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جولائی۔2015ء ) لاہورہائیکورٹ نے تحصیل سمندری کے پانچ دیہات کو پانی فراہم کرنے والی راجباہ کا بیڈ لیول اونچا کرنے اور پانی بندکرنے کے خلاف دائر درخواست پر سیکرٹری آبپاشی سے دو ہفتوں میں جواب طلب کرلیا ۔گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس چوہدری محمد اقبال نے کیس کی سماعت کی ۔درخواست گزار موضع خوش پور الیکشن کمیٹی تحصیل سمندری کی جانب سے موقف اختیار کیاگیا تھا کہ ان کا موضع پانچ دیہات پر مشتمل ہے اوراس کی آبادی 35ہزارکے لگ بھگ ہے اس علاقے کو نسلی راجباہ کے ذریعے پانی پہنچایا جاتا تھا جس سے نہ صرف اہل علاقہ فصلوں کی آبپاشی کرتے تھے بلکہ اس سے پانی کی دیگر ضرورتیں پوری ہوتی تھیں لیکن محکمہ انہار کے افسران نے ایک آرڈر کے اس راجباہ کو پختہ کرنے کا کام شروع کیا ۔

(جاری ہے)

لیکن بد نیتی سے راجباہ کا بیڈ لیول ڈھائی فٹ اونچا کر دیا گیا ہے جس کے باعث راجباہ میں پورا پانی نہیں آ رہااس سے اہل علاقہ شدید مشکلات کا شکارہیں کیونکہ پانی پورا نہ ہونے سے انکی فصلوں کو پورا پانی نہیں ملتا جس سے فصلیں شدید متاثر رہی ہیں جبکہ پانی کی دیگر ضروریات پوری نہ ہونے سے بھی شدید مشکلات درپیش ہیں ۔فاضل عدالت سے استدعا ہے کہ نوٹس لیتے ہوئے داد رسی کی جائے ۔ فاضل عدالت نے درخواست پر سیکرٹری آبپاشی سے دو ہفتوں میں جواب طلب کرلیا ۔

متعلقہ عنوان :