چینی کی ترسیل بہتر بنانے کیلئے پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن سے رابطے میں ہیں‘ وفاقی وزیر تجارت

ملک میں چینی کی قیمتوں میں استحکام کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں‘ انجینئر خرم دستگیر کا اجلاس سے خطاب

جمعہ 3 جولائی 2015 20:49

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جولائی۔2015ء) وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ ملک میں چینی کی قیمتوں میں استحکام کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، وفاقی حکومت یوٹیلٹی سٹورزکے ذریعے رمضان المبارک میں صارفین کو سستی چینی فراہم کر رہی ہے،ملک میں چینی کا وافر سٹا ک موجود ہے جو اگلے سال کی ابتدا ء تک ملکی ضروریا ت کیلئے کافی ہے، چینی کی ترسیل بہتر بنانے کیلئے پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن سے رابطے میں ہیں ، چینی کی مارکیٹ میں ترسیل میں تیزی آنے سے قیمتوں میں استحکام آئے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملک میں چینی کی قیمتوں کے استحکام کیلئے ای سی سی کی ہدایت پر بلائے گئے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔جس میں وزارت تجارت، وزارت صنعت اور پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں بتایا گیا کہ گزشتہ چھ ماہ کے دوران چینی کی قیمتوں میں بتدریج اضافہ ہوا ہے جس پر وفاقی وزیر نے کہا کہ چینی کی قیمتوں میں اضافہ حکومت کیلئے قطعاًقابل قبول نہیں،صارفین کو مناسب نرخوں پر اشیاء کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے حکومت ایسے اقدامات اٹھا رہی ہے جس کے تحت روز مرہ استعما ل کی اشیاء کی قیمتوں میں استحکام لایا جائے۔

اجلاس میں پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشنز کے نما ئندے نے بتا یا کہ ملک میں چینی کا 3.8ملین ٹن کا اسٹاک موجود ہے اور ملک میں چینی وافر مقدار میں موجود ہے۔ملک کے طول و عر ض میں چینی کی ترسیل میں بہتری لانے کیلئے پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشنز سے مذاکرات اگلے ہفتے کی ابتداء میں منعقد کئے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :