بنکوں سے رقم نکلوانے پر0.6فیصدٹیکس کے نفاذ کا فیصلہ واپس لیا جائے ‘ آل پاکستان انجمن تاجران

حکومت نے بنکوں سے لین دین پر ٹیکس کا خاتمہ نہ کیا تو تاجر برادری احتجاجی تحریک شروع کرے گی‘ اشرف بھٹی

جمعہ 3 جولائی 2015 20:52

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جولائی۔2015ء ) آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ بنکوں سے رقم نکلوانے پر0.6فیصدٹیکس کے نفاذ سے تاجروں میں شدید بے چینی پھیل گئی ہے ، حکومت سے مطالبہ ہے کہ اس ظالمانہ فیصلے کو فوری واپس لیا جائے ورنہ تاجربینکوں سے لین دین کی بجائے متبادل ذرائع استعمال کرینگے جس سے ملک میں بینکنگ سیکٹر بری طرح متاثر ہوگا۔

اپنے بیا ن میں انہوں نے کہا کہ حکومت بالواسطہ ٹیکس پر انحصار کم کرکے براہ راست ٹیکس وصولی پر فوکس کرے۔

(جاری ہے)

بنکوں سے اپنی جمع رقم نکلوانے پر 0.6%ٹیکس کا نفاذ تاجروں کیلئے پریشانی کا باعث ہے ۔ کاروباری اداروں کو ملازمین کی تنخواہوں کی مداور دیگر کاروباری ضروریات کیلئے بنکوں سے کیش کا لین دین کرنا پڑتا ہے ،بینکوں سے لین دین، چیک جمع کروانے ، ڈرافٹ پے آرڈر بنوانے، ٹی ٹی ،رقوم کی منتقلی اور بنکوں سے رقوم نکلوانے سمیت صارفین کیلئے بینکنگ سیکٹرکی تمام سہولیات پر ٹیکس عائدہونے سے تاجر برادری اور صنعتکاروں پرمالی بوجھ بڑھ گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگر حکومت نے بنکوں سے لین دین پر ٹیکس کا خاتمہ نہ کیا تو تاجر برادری احتجاجی تحریک شروع کرے گی۔

متعلقہ عنوان :