آٹھ سوکنال سرکاری اراضی پر حمزہ شوگر ملز کا قبضہ غیرقانونی قرار، محکمہ مال بہالپور کو سرکاری اراضی کو واگزار کرانے کا حکم

جمعہ 3 جولائی 2015 21:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جولائی۔2015ء) لاہور ہائیکورٹ نے آٹھ سوکنال سرکاری اراضی پر حمزہ شوگر ملزکے قبضے کو غیرقانونی قرار دیتے ہوئے محکمہ مال بہالپور کو حکم دیا ہے کہ شوگر ملز کے قبضے سے سرکاری اراضی کو واگزار کرایا جائے۔ لاہور ہائیکورٹ نے حمزہ شوگر ملز کی اپیل خارج کرتے ہوئے مزید قرار دیا کہ محکمہ مال چاہے تو حمزہ شوگر ملز سے مقررہ مدت تک سرکاری اراضی استعمال کرنے پر جرمانہ بھی وصول کر سکتا ہے۔

درخواست گزارنے سول عدالت کے ایک فیصلے کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کرتے ہوئے موقف اختیار کیا تھا کہ انہوں نے چک نمبر آٹھ تحصیل خانپور بہالپور میں شوگر ملز سے ملحقہ آٹھ سو ایکڑ بنجر پڑی ہوئی سرکاری اراضی کو اپنی ذاتی رقم سے آباد کیا اور ایک لمبے عرصے سے اراضی شوگر مل کے زیر استعمال ہے ، اس لئے اس اراضی کوحمزہ شوگر ملز کی ملکیت قرار دیا جائے۔

(جاری ہے)

سرکاری وکلاء نے عدالت کو بتایا کہ ہائیکورٹ نے دونوں فریقین کی رضامندی سے اس معاملے کو حل کرنے کیلئے درخواست سینئر ممبر بورڈا ٓف ریونیو کو بھجوائی تھیں، حمزہ شوگر ملز کی انتظامیہ کی رضا مندی پر ہی سینئر ممبر بورڈا ٓف ریونیو نے اراضی کا مارکیٹ تخمینہ لگایا مگر بعدازاں شوگر ملز انتظامیہ تخمینہ یا معاوضہ ادا کرنے کے اپنے موقف سے پیچھے ہٹ گئی، تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ محکمہ مال اور شوگر مل کے درمیان اراضی سے متعلق کوئی معاہدہ نہیں ہے، اس لئے شوگر ملز کا سرکاری اراضی پر قبضہ غیرقانونی ہے، شوگر ملز انتظامیہ سرکاری اراضی پر اپنا غیرقانونی قبضہ برقرار رکھنا چاہتی ہے مگر اس دوران کوئی جرمانہ یا معاوضہ بھی ادا نہیں کرنا چاہتی۔

ہائیکورٹ نے فیصلے میں کہا ہے کہ محکمہ مال سرکاری اراضی کوواگزار کرائے اور اگر ضروری سمجھے تو شوگر ملزم انتظامیہ سے اراضی استعمال کرنے کا جرمانہ یا معاوضہ بھی وصول کر سکتا ہے۔ `