تھائی فورسز کی میانمر کی سرحد کے قریب کارروائی، جھڑپ میں سات مشتبہ منشیات سمگلرز ہلاک،ہیروئن کے چھ تھیلے برآمد

جمعہ 3 جولائی 2015 21:11

بنکاک( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جولائی۔2015ء) تھائی فورسز نے میانمر کی سرحد کے قریب ایک جھڑپ کے بعد سات مشتبہ منشیات سمگلروں کو گولی مار کر ہلاک کردیا اور ہیروئن کے چھ تھیلے قبضے میں لے لیے ، یہ بات ایک اہلکار نے دورافتادہ خطے میں منشیات سے متعلق تازہ ترین جھڑپ کے حوالے سے کہی۔ہیروئن اور چرس کی بھاری کھیپیں اکثر میانمر سے تھائی لینڈ سمگل کی جاتی ہیں جو کہ جنوب مشرقی ایشیائی منشیات مارکیٹ کے لئے پرکشش گیٹ وے ہے ۔

ایک اہلکار نے بتایا کہ تازہ ترین جھڑپ ایک درجن کے قریب مشتبہ منشیات سمگلروں اور پیراملٹری فورسز کے درمیان جمعرات کی رات مملکت کے شمالی بعید چیانگ رائی صوبہ کے ضلع مائی فالوانگ میں ہوئی ۔ضلعی سربراہ وورایان بورنارتھ نے اے ایف پی کو بتایا کہ ہمیں ابھی تک ہلاک شدگان کا علم نہیں ہے اور مزید کہا کہ ایک مشین گن اور ہیروئن سے بھرے چھ تھیلے قبضے میں لے لئے گئے ہیں ، تاہم اس کی اندازاًلاگت یا مقدار نہیں بتائی۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ 10اور پندرہ کے درمیان لوگوں کے ایک گروپ نے تھائی فورسز پر فائرنگ کی اور بچ نکلنے میں کامیاب ہوگئے ، پیرا ملٹری کو کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔دشوار گزار ” گولڈن ٹرائی اینگل خطہ“ لاؤس تھائی لینڈ اور میانمر کے حصوں پر مشتمل ہے جہاں دنیا میں سب سے زیادہ افیون اور ہیروئن پیدا ہوتی تھی جب تک کہ افغانستان منشیات کی پیداوار کا گڑھ بن چکا ہے۔

میانمر کی مشرقی شان ریاست ملک میں غیر قانونی منشیات کی پیداوار کے حوالے سے تقریباً سب سے بڑا علاقہ ہے جہاں دنیا میں دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ افیون پیدا ہوتی ہے ، زیادہ تر فاضل مواد خیال کیا جاتا ہے کہ سرحد پار چین میں ہیروئن تیار کر نے کے لئے سمگل کیا جاتا ہے جہاں دنیا میں سب سے زیادہ منشیات کے عادی لوگ پائے جاتے ہیں۔ `

متعلقہ عنوان :