آل پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن نے بنکوں سے 50 ہزار روپے نکلوانے پر 6فیصد ود ہولڈنگ ٹیکس کو مسترد کردیا

جمعہ 3 جولائی 2015 21:18

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جولائی۔2015ء ) آل پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن خیبر پختونخوا کی ایگزیکٹو باڈی کا اجلاس ایک اہم اجلاس چیئرمین نعیم بٹ کی صدارت میں ایسوسی ایشن کے آفس میں منعقد ہوا ۔ اجلاس میں حکومت کی طرف سے بنکوں سے 50 ہزار روپے نکلوانے پر 6فیصد ود ہولڈنگ ٹیکس لگانے پر حکومتی فیصلے کو مسترد کردیا ہے اور اس ٹیکس کو حکومت کو طرف سے بھتہ خوری قرار دیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اس ٹیکس کے نفاذ سے مہنگائی کا ایک نیا طوفان کھڑا ہوجائے گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایک رقم جو دن میں کئی لوگوں کے ہاتھوں میں استعمال ہوگی وہ سب کے سب لوگ اتنی دفعہ ایک ہی رقم پر بار بار ٹیکس دیں گے ۔ اس صورت حال میں فلور ملز انڈسٹری کے کاروبار کے بند ہونے کا اندیشہ ہے جس میں بے روزگاری میں بے پناہ اضافہ ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا تو پہلے ہی دہشت گردی کی وجہ سے کاروباری لحاظ سے تباہ ہوچکا ہے اور اس ٹیکس کے لگنے سے اور بھی کاروبار ختم ہوجائے گا ۔اجلاس میں مطالبہ کیاگیا کہ وفاقی حکومت فوری طور پر اس ٹیکس کے فیصلے کو واپس لے ۔ اجلاس میں فلور ملز مالکان نے بھی شرکت کی ۔ `

متعلقہ عنوان :