Live Updates

رمضان المبارک سعادتوں والا مہینہ اور اُمت مسلمہ کے لیے عظیم خوشخبریاں لے کر آتا ہے‘ مولانا ابوالہاشم

عالم اسلام امریکی و صہیونی غلامی سے نکل رہا ہے ،مسلمان دنیا میں ایک نئی صف بندی کررہے ہیں‘ مسؤل جماعۃ الدعوۃ لاہور

جمعہ 3 جولائی 2015 21:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جولائی۔2015ء) جماعۃ الدعوۃ لاہور کے مسؤل مولانا ابو الہاشم نے کہا ہے کہ رمضان المبارک سعادتوں والا مہینہ اور اُمت مسلمہ کے لیے عظیم خوشخبریاں لے کر آتا ہے، عالم اسلام امریکی و صہیونی غلامی سے نکل رہا ہے اور مسلمان دنیا میں ایک نئی صف بندی کررہے ہیں ، پاکستان امریکہ ویورپ کی بجائے چین اور مسلم ممالک سے تعلقات مضبوط کرے ،پوری قوم گوجرانولہ ٹرین حادثے میں جاں بحق ہونے والے فوجی جوانوں کے اہل خانہ کے غم میں برابر شریک ہے، مظلوم کشمیری بھائیوں کی ہر ممکن مددوحمایت کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے باغبانپورہ بازار میں واقع جامع مسجد الرحیم میں خطبہ جمعہ کے دوران کیا۔اس موقع پرکثیر تعداد میں لوگوں نے ان کی امامت میں نماز جمعہ ادا کی ۔

(جاری ہے)

اپنے خطاب میں مولانا ابوالہاشم نے کہا کہ عالمی سطح پر منظرنامہ تبدیل ہورہا ہے ۔ عرب ممالک کا شاہ سلمان بن عبد العزیز کی قیادت میں اتحاد وقت کی ضرورت اور اسلام کے مفادات میں سے ہے۔

اس عرب اتحاد نے امریکی اثرورسوخ پر کاری ضرب کا کام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس بابرکت اور رحمتوں والے ماہ مبارک رمضان المبارک میں تمام مسلمان حکمران اور عالمی مسلم رہنما آگے بڑھتے ہوئے امریکی سازشوں اور غلامیاں چھوڑ کرعالم اسلام اور اُمت مسلمہ کے مفادات اور مسائل خود حل کرنے کے ادارے بنائیں ۔ تعلیم ، صحت ، اقتصادیات اور سیاست میں اہم تبدیلیاں لاکر اسلام کی نشاۃ ثانیہ کا آغاز کریں ۔

ساری اُمت کوا کٹھا کریں اور اپنے تمام فیصلے خود کریں۔ انہوں نے کہا کہ آرمی کے جوانوں کا عزم تو شہادت ہی ہوتا ہے مگر گوجرانوالہ ٹرین حادثہ دل میں شدید احساس پیدا کرتا ہے کہ اس کے امکانات اور خدشات کا دائرہ بڑھا کر اورنہایت ذمہ داری سے تحقیق کی جائے اور قوم کو اطمینان دلایا جائے ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ کشمیریوں کا آئے روز سبز ہلالی پرچم لہرانا ان کی پاکستان سے والہانہ محبت و عقیدت کے ساتھ ساتھ اپنی غلامی کا نجات دہندہ پاکستان کوسمجھتے ہیں۔ کشمیر میں تحریک آزادی ایک مرتبہ پھر اپنے عروج پر ہے ایسے میں پاکستان کو مظلوم کشمیریوں کی آزادی کے لیے جرأت مندانہ اور ٹھوس اقدامات کرنے چاہیے تاکہ انہیں بھارتی تسلط سے آزادی دلائی جاسکے۔

Live رمضان المبارک سے متعلق تازہ ترین معلومات