اسلام آباد، مکان کی چھت گرنے سے اٹھارہ سالہ بچی کی ہلاکت پر سی ڈی اے کے خلاف علاقہ مکینوں کااحتجاجی مظاہرہ

جمعہ 3 جولائی 2015 22:12

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جولائی۔2015ء ) اسلام آباد کے مرکز G-7-2,3میں مکان کی چھت گرنے سے اٹھارہ سالہ بچی کی ہلاکت پر نیشنل پریس کلب کے سامنے سی ڈی اے کے خلاف علاقہ مکینوں کااحتجاجی مظاہرہ ، سی ڈی مردہ باد کے نعرے ،مظاہرین نے پلے کارڈ زاٹھا رکھے تھے جن پر سی ڈی کو ختم کرنے اور سی ڈی اے کی نا اہلی کے کے خلاف نعرے درج تھے ،مظاہرین نے سی ڈی اے کو مرا ہوا ہاتھی قرار دیدیا۔

تفصیل کے مطابق گذشتہ شب رات دو بجے اسلام آباد کے علاقے جی سیون ٹو تھری میں مسیحی آبادی48کوارٹرز میں ایک مکان کی چھت گرنے سے 18سالہ کیتھرین ہلاک ہو گئی جبکہ اسکی والدہ نرگس اور بھائی محبوب زخمی ہو گئے تھے ۔جمعہ کے روز علاقے کے مکینوں نے نیشنل پریس کلب اسلام آبادکے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور کہا کہ اربوں روپے لگا کر میٹرو بس منصوبہ تو بنا دیا گیا ہے لیکن غریبوں کومحفوظ آبادیوں میں منتقل نہیں کیا گیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسیحی برادری نالوں کے کنارو ں پر رہائش پذیر ہے انہیں بھی باعزت طور پر اسلام آباد کے سیکٹرز میں جگہ دی جائے ۔مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ اگر سی ڈی اے اپنا کام نہیں کر سکتی اور اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کر سکتی تو سی ڈی اے کو ختم کر دیا جائے ،مظاہرین نے سی ڈی اے کو مرا ہوا ہاتھی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہماری زندگیوں کو محفوظ بنانے کے اقدامات کئے جائیں انہوں نے کہا کہ آئندہ کوئی جانی نقصان ہوا تو اسکی ذمہ دار حکومت اور سی ڈی اے ہو گا ۔طارق ورک۔

متعلقہ عنوان :