Live Updates

جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ کا انتظار ہے، رپور ٹ آنے کے بعد عمران کی اننگز ختم اور ہماری شروع ہو گی، صرف 35پنکچرز نہیں عمران خان کے باقی بیان بھی سیاسی تھے، تحریک انصاف میں شمولیت کر کے لوگ اپنے لئے نیا علی بابا تلاش کر رہے ہیں، نوازشریف مسلم لیگ(ن)کے نہیں پورے پاکستان کے وزیراعظم ہیں

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید کاانجمن فیض الاسلام کی تقریب سے خطاب کے بعد میڈیا سے گفتگو

جمعہ 3 جولائی 2015 22:36

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جولائی۔2015ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ صرف 35پنکچرز نہیں عمران خان کے باقی بیان بھی سیاسی تھے، تحریک انصاف میں شمولیت کر کے لوگ اپنے لئے نیا علی بابا تلاش کر رہے ہیں، وزیراعظم نوازشریف مسلم لیگ(ن) کے نہیں پورے پاکستان کے وزیراعظم ہیں،جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ کا انتظار ہے، جب آ جائے گی تو ان کی اننگز ختم اور ہماری شروع ہو گی۔

وہ جمعہ کو انجمن فیض الاسلام کی کی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی صرف 35پنکچرز والی بات سیاسی نہیں، اس کے باقی بیان بھی سیاسی تھے، اب ہمیں صرف جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ کا انتظار ہے، جب آ جائے گی تو ان کی اننگز ختم اور ہماری شروع ہو گی، لوگ تحریک انصاف میں شمولیت کر کے نیا علی بابا تلاش کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم صرف مسلم لیگ(ن) کے وزیراعظم نہیں بلکہ پورے پاکستان کے وزیراعظم ہیں۔ پرویز رشید نے کہا کہ ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس میں پیش رفت پر سکارٹ لینڈ یارڈ مبارکباد کی مستحق ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کا پیسہ نفرت پھیلانے والے اداروں کے ہاتھوں میں نہیں جانا چاہیے۔ قبل ازیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پاکستان سے محبت کرنے والے اداروں کی مدد کرنی چاہیے، آپ پاکستان کے بچے ہیں سارا ملک آپ کو مانتا ہے۔

پرویز رشید نے کہا کہ اﷲ جس حال میں رکھے ہم راضی ہیں، اس کے کاموں میں بہتری ہوتی ہے، والدین نہ ہونا ترقی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بنتا، جن کے والدین ہوتے ہیں ان میں سے بھی اکثر اچھی زندگی نہیں گزار سکتے، جن کے والدین نہیں ہیں انہیں اس بات کا احساس نہیں کرنا چاہیے، لیکن یہ مانتا ہوں کہ والدین نہ ہونے کی تکلیف ضرور ہوتی ہے، انجمن فیض الاسلام اتنی ہی بڑی نعمت اور سایہ ہے جتنی کہ والدین ہوتے ہیں، اس ادارے میں کام کرنے اور فنڈنگ کرنے والوں کو اور سب پاکستانیوں کو اپنے والدین کی جگہ سمجھنا چاہیے، آپ پاکستان کے بچے ہیں پورا پاکستان آپ کو اپنا مانتا ہے، پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے اس میں ایسے اداروں کا ہونا بہت ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ جو لوگ اس قسم کے اداروں کو فنڈنگ کرتے ہیں انہیں پہلے یہ سوچنا چاہیے کہ ان کا پیسہ واقعی مستحقین کو جا رہا ہے نہ کہ تخریب کاروں کو، ہمیں ایسے اداروں کی معاونت کرنی ہے جو بچوں کے مستقبل کیلئے کام کر رہے ہیں، ہم نے پاکستان اور اس کے اداروں سے محبت کرنی ہے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات