شہید پولیس افسروں واہلکاروں کے لواحقین کو مراعات میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری

شہداء کے بچوں کے تعلیمی اخراجات حکومت پنجاب برداشت کریگی، سفارشات آئی جی پنجاب محکمہ فنانس کو بھیجیں گے

جمعہ 3 جولائی 2015 22:38

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جولائی۔2015ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب، مشتاق احمد سکھیرا نے حکومت پنجاب کی منظوری کے بعد بم دھماکوں، ہنگاموں، دہشتگردی کی کاروائیوں اور پولیس مقابلوں کے دوران شہید ہونے والے پولیس افسروں اور اہلکاروں کے لواحقین کوشہداء کے عہدوں اور گریڈز کے حساب سے مراعات میں اضافے کانوٹیفیکیشن جاری کیا ہے۔

نوٹیفیکیشن کے مطابق نئے مراعتی پیکج میں اب شہید ہونے والے کانسٹیبل سے ہیڈ کانسٹیبل کے لواحقین کو 50لاکھ روپے دئیے جائیں گے جس میں 10لاکھ گھر کی تعمیر یا خرید اور 40لاکھ امدادی رقم شامل ہو گی۔ اسی طرح اے ایس آئی سے سب انسپکٹرز کو 70لاکھ دئیے جائیں گے جس میں 20لاکھ گھر کی تعمیر یا خرید اور 50لاکھ کی امدادی رقم شامل ہو گی۔انسپکٹر سے ڈی ایس پی تک 90لاکھ دئیے جائیں گے جس میں 30لاکھ گھر کی تعمیر یا خرید اور 60لاکھ کی امدادی رقم ہو گی جبکہ ایس پی سے ایس ایس پی کے گریڈ کے افسران کو 1کروڑ 20لاکھ دئیے جائیں گے جس میں 40لاکھ گھر کی تعمیر یا خرید اور 80لاکھ کی امدادی رقم شامل ہوگی اور ڈی آئی جی اور اس سے اوپر کے رینک کے افسران کو 1کروڑ 50لاکھ روپے دئیے جائیں گے جس میں گھر کی تعمیر یا خرید کے لئے 50لاکھ اور 1کروڑ روپے کی امدادی رقم شامل ہو گی۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ شہید ہونے والے پولیس افسروں اور اہلکاروں کی فیملی کوشہادت کی ڈیٹ سے ریٹائرمنٹ تک ان کی مکمل تنخواہ سالانہ Incrementکے ساتھ ملتی رہے گی ۔ جبکہ ریٹائرمنٹ کے بعد پنشن بھی دی جائے گی۔ جبکہ کانسٹیبل سے لے کر سب انسپکٹر تک شہید ہونے والے اہلکاروں کے بچوں کو گریڈ 1سے 7تک ان کی تعلیم کے مطابق بھرتی کیا جا سکے گااورشہید ہونے والے انسپکٹر اور اس سے اوپر کے عہدوں کے افسران کے بچوں کو سب انسپکٹر بھرتی کیا جا سکے گا۔نوٹیفیکیشن کے مطابق، شہداء کے بچوں کے تعلیمی اخراجات حکومت پنجاب برداشت کرے گی۔جس کے لئے سفارشات آئی جی پنجاب محکمہ فنانس کو بھیجیں گے۔اس نوٹیفیکیشن پر عملدر آمد فوری طور ہو گا یاد رہے کہ اس سے قبل شہیدوں کے لئے 30لاکھ روپے کی رقم دی جاتی تھی۔